پاک فوج دنیا کی بہترین فوج ہے جس نے اپنے پروفیشنل ازم کا لوہا منوایا ،شگفتہ نورین کاظمی

جنگیں جذبہ حب الوطنی سے لڑی اور جیتی جاتی ہیں اور پاک افواج نے ہر قسم کی قربانیاں دے کر ملک پر کوئی آنچ نہیں آنے دی

منگل 13 مئی 2025 15:08

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 مئی2025ء)نائب صدر وممبر آرگنائزیشن کمیٹی خواتین ونگ پاکستان پیپلزپارٹی آزاد جموں وکشمیر شگفتہ نورین کاظمی نے کہا ہے کہ پاک فوج دنیا کی بہترین فوج ہے جس نے اپنے پروفیشنل ازم کا لوہا منوایا ہے اور دنیا کے سب سے بڑے دہشت گرد ملک بھارت کا غرور خاک میں ملایا اور بھارت کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کیا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ پوری دنیا نے پاک افواج کی بہادری اور جرات کو دیکھا ہے،آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کی سربراہی میں پاک افواج نے جس طرح دشمن کے حملے کا جواب دیا اس سے پاکستان کو فتح نصیب ہوئی ہے، جس پر ہم افواج پاکستان کوخراج تحسین اور مبارکباد پیش کرتے ہیں، انہوں نے کہا کہ بھارت نے پہلگام فالس فلیگ آپریشن کا بہانہ بنا کر پاکستان پر حملہ کیا جس کا پاکستان سے کوئی تعلق نہ تھا۔

(جاری ہے)

دشمن کو بھرپور جواب دے کر افواج پاکستان نے ملکی دفاع کو ناقابل تسخیر بنا دیا ہے۔پاکستان نے دشمن کو منہ توڑ جواب دیتے ہوئے ان کے جدید جنگی طیاروں کو نشانہ بنایا اور مار گرائے، متعدد ائیر بیس اور دشمن کی چوکیاں تباہ کر دیں جس سے دشمن بوکھلا ہٹ کا شکار ہو کر جنگ بندی کے لیے منتیں کرنے لگا ہے، انہوں نے کہا کہ جنگیں جذبہ حب الوطنی سے لڑی اور جیتی جاتی ہیں اور پاک افواج نے ہر قسم کی قربانیاں دے کر ملک پر کوئی آنچ نہیں آنے دی۔

انہوں نے بھارتی جارحیت اور حملے میں شہید ہونے والے معصوم بچوں اور شہریوں سمیت شہدائے جموں وکشمیر اور پاک افواج کے شہداء کے بلندی درجات کے لیے دعا کی اور کہا کہ ہم شہداء کی قربانیاں رائیگاں نہیں جانے دیں گے اور تحریک آزادی کشمیر کے بیس کیمپ میں مقبوضہ جموں وکشمیر کی مکمل آزادی اور تحریک تکمیل پاکستان تک جدوجہد جاری رکھے گی۔