Live Updates

پاک بحریہ کے جہاز حنین کا دورہ عمان اور دوطرفہ مشق میں شرکت

منگل 13 مئی 2025 23:36

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 مئی2025ء) پاک بحریہ کے جہاز پی این ایس حنین نے ریجنل میری ٹائم سیکیورٹی پٹرول پر تعیناتی کے دوران مسقط، عمان کا دورہ کیا۔ بندرگاہ پہنچنے پر عمانی حکام کی جانب سے جہاز کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔پی این ایس حنین اور رائل نیوی آف عمان کے جہاز خصب نے خلیج عمان میں دو طرفہ بحری مشق کی جس سے دونوں ممالک کے درمیان پائیدار بحری شراکت داری کو تقویت ملی۔

مشق کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان دیرپا بحری تعاون کو فروغ دینا تھا۔ ترجمان پاک بحریہ کے مطابق قبل ازیں بندرگاہ پر قیام کے دوران پی این ایس حنین کے کمانڈنگ آفسر نے رائل نیوی آف عمان کے اعلی حکام سے ملاقاتیں کیں۔ ملاقاتوں کے دوران باہمی دلچسپی کے امور اور بحری افواج کے مابین رابطے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

(جاری ہے)

کمانڈنگ آفسر نے چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف کی طرف سے عمان کے عوام کے لیے نیک خواہشات کا بھی اظہار کیا۔

اعلیٰ سطحی ملاقاتوں کے علاوہ رائل نیوی آف عمان کے افسران کے ساتھ پیشہ ورانہ بات چیت کے دوران مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔پاک بحریہ کے جہاز ریجنل میری ٹائم سیکیورٹی پٹرول (RMSP) پر باقاعدگی سے تعینات کیے جاتے ہیں جس کا مقصد میری ٹائم سیکیورٹی کے لیے بین الاقوامی ذمہ داریوں کو پورا کرنا، سمندروں پر تجارت کی آزاد نقل و حرکت کو یقینی بنانا اور عالمی مشترکہ اثاثوں کا تحفظ کرنا ہے۔پاکستان اور عمان کے درمیان برادرانہ تعلقات ہیں۔ دونوں ممالک کی بحری افواج اپنی آپریشنل تیاریوں کو بڑھانے اور محفوظ سمندروں کو یقینی بنانے کے لیے مسلسل باہمی تعاون میں رہتی ہیں۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات