Live Updates

پہلا خواتین بلائنڈ کرکٹ ورلڈ کپ نومبرمیں بھارت میں کھیلا جائے گا، سید سلطان شاہ

پاکستان کے تمام میچز نیپال کے شہر کھٹمنڈو میں ہوں گے اور تمام ٹیمیں پاکستان کے ساتھ کھیلنے کیلئے کھٹمنڈو آئیں گی‘انٹرویو

بدھ 14 مئی 2025 13:19

پہلا خواتین بلائنڈ کرکٹ ورلڈ کپ نومبرمیں بھارت میں کھیلا جائے گا، سید ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 مئی2025ء)پاکستان بلائنڈ کرکٹ کونسل کے چیئرمین اور ورلڈ بلائنڈ کرکٹ لمیٹڈ کے صدر سید سلطان شاہ نے کہا ہے کہ پہلا خواتین بلائنڈ کرکٹ ورلڈ کپ رواں سال نومبرمیں بھارت میں کھیلا جائے گا،جس کی تیاری کے لئے قومی خواتین کھلاڑیوں کا تربیتی کیمپ جولائی میں شروع ہوگا،قومی بلائنڈ کرکٹ ٹیم ایک روزہ اور ٹی 20میں عالمی رینکنگ میں نمبر ون ہے،پاکستان دنیا بھر میں بلائنڈ کرکٹ میں ایک لیڈنگ پوزیشن پر ہے، ہمارے کوچز دیگر ممالک کے بلائنڈ کھلاڑیوں کو بھی تربیت فراہم کرتے ہیں۔

ایک انٹرویو میں سید سلطان شاہ نے کہا کہ پہلا خواتین بلائنڈ کرکٹ ورلڈ کپ رواں سال نومبر میں بھارت کے دو شہروں دہلی اور بنگلور میں کھیلا جائے گا جبکہ پاکستان کے تمام میچز نیپال کے شہر کھٹمنڈو میں ہوں گے اور تمام ٹیمیں پاکستان کے ساتھ کھیلنے کیلئے کھٹمنڈو آئیں گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اگر پاکستان سیمی فائنل اور فائنل میں پہنچ جاتا ہے تو دونوں میچ نیپال میں ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ یہ ورلڈ کپ پاکستان کی ٹرمز اینڈ کنڈیشن پہ ہو رہا ہے۔ سید سلطان شاہ نے کہا کہ ورلڈ کپ کی تیاری کیلئے ہم قومی خواتین بلائنڈ کھلاڑیوں کا تربیتی کیمپ رواں سال جولائی میں شروع کرنے کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں جس میں ملک بھر سے 35 خواتین کھلاڑیوں کو مدعو کیا جائے گا جس میں سے 20 کھلاڑیوں کا انتخاب کیا جائے گا اور انہی کھلاڑیوں میں سے 16 رکنی ٹیم کا اعلان اکتوبر میں کیا جائے گا۔

انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ قومی ٹیم میں عالمی سطح پر شاندار کارکردگی دیکھانے والے کھلاڑیوں کو کوٹے کے تحت ملازمتیں فراہم کی جائیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان ہمیشہ امن کا علم بردار رہا ہے چاہئے جنگ کا میدان بھی ہو، ہم نے کوشش کی کہ جنگ کو مذاکرات کے ذریعے ختم کیا جائے اور ہم نے یہ کر کے دکھایا ہے۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات