پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں آئندہ 15 روز کیلئے بڑی کمی کا امکان

پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں بالترتیب 3.5 اور 7 روپے فی لیٹر کی کمی کا امکان ہے، بین الاقوامی مارکیٹ میں قیمتوں میں کمی اور پیٹرول پر درآمدی پریمیم میں کمی کی وجہ سے پٹرولیم منصوعات میں کمی کا امکان بتایا گیا ہے

Faisal Alvi فیصل علوی بدھ 14 مئی 2025 11:55

پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں آئندہ 15 روز کیلئے بڑی کمی کا امکان
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔14 مئی 2025)پاکستانی عوام کیلئے خوشخبری، پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں آئندہ 15 روز کیلئے بڑی کمی کا امکان ، بین الاقوامی مارکیٹ میں قیمتوں میں کمی اور پیٹرول پر درآمدی پریمیم میں کمی کی وجہ سے پٹرولیم منصوعات میں کمی کا امکان بتایا گیا ہے ، پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں بالترتیب 3.5 اور 7 روپے فی لیٹر کی کمی کا امکان ہے تاہم یہ ریلیف ٹیکس کی غیر تبدیل شدہ شرحوں سے مشروط ہے۔

پیٹرول کی ایکس ڈپو قیمت میں تقریباً 3.5 روپے کی کمی کا تخمینہ لگایا گیا ہے جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل (ایچ ایس ڈی) میں 7 روپے فی لیٹر کمی کی جاسکتی ہے۔ پیٹرول کی قیمت میں کمی کا تخمینہ پچھلے دو ہفتوں کے دوران پیٹرول کی بین الاقوامی قیمت میں تقریباً 1.5 ڈالر فی بیرل اور ڈیزل میں تقریباً 3 ڈالر فی بیرل کمی سے لگایا گیا۔

(جاری ہے)

ایکس ڈپو پیٹرول کی موجودہ قیمت 252.63 روپے فی لیٹر ہے۔

اسی طرح ہائی سپیڈ ڈیزل کی موجودہ ایکس ڈپو قیمت 256.64 روپے فی لیٹر ہے۔یاد رہے کہ گزشتہ ماہ بھی حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا اعلان کیا تھا۔وزارت خزانہ کی جانب سے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں کمی کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیاتھا۔ پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں 2، 2 روپے فی لیٹر کمی کی گئی تھی۔ جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول کی نئی قیمت 252 روپے 63 پیسے فی لیٹر جبکہ ڈیزل کی نئی قیمت 256 روپے 64 پیسے فی لیٹر مقرر کی گئی تھی۔

پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اطلاق رات 12 بجے سے کر دیا گیا تھا۔اسی طرح اوگرا (آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی) نے ایل پی جی قیمتوں میں 3روپے 20 پیسے کمی کا اعلان کیا تھا۔ایل پی جی کی قیمتوں میں کمی کا باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا تھا۔ قیمتوں میں کمی کا اطلاق فوری طور کیا گیا تھا۔ اوگرا نوٹیفکیشن کے مطابق ایل پی جی فی کلو 3 روپے 20 پیسے سستی کی گئی تھی جس کے بعد اب نئی فی کلو قیمت 245 روپے 16 پیسے ہو گئی ہے۔

اوگرا نے گھریلو صارفین کیلئے ایل پی جی کے 11.8 کلوگرام سلنڈر کی قیمت میں 37 روپے 80 پیسے کی کمی کر دی گئی تھی۔ اس کمی کے بعد گھریلو سلنڈر کی نئی قیمت 2892 روپے 91 پیسے مقرر کی گئی تھی۔ اوگرام حکام کا کہنا تھا کہ ایل پی جی کی قیمتوں میں کمی کا فیصلہ عالمی منڈی میں قیمتوں میں کمی اور عوامی ریلیف پالیسی کے تحت کیا گیا تھا۔