حوالہ ہنڈی اور غیر قانونی کرنسی کے کاروبار میں ملوث تین ملزمان گرفتار،کروڑوں مالیت کی ملکی و غیر ملکی کرنسی برآمد

کارروائی لاہور کی ریس کورس روڈ پر کی گئی جہاں بین الاقوامی حوالہ ہنڈی نیٹ ورک سے منسلک تین افراد محمد محسن، مبین رشید اور زاہد کو گرفتار کیا گیا، ملزمان دبئی سے چلائے جانے والے حوالہ ہنڈی نیٹ ورک کا حصہ تھے، ترجمان ایف آئی اے

Faisal Alvi فیصل علوی جمعرات 15 مئی 2025 15:55

حوالہ ہنڈی اور غیر قانونی کرنسی کے کاروبار میں ملوث تین ملزمان گرفتار،کروڑوں ..
لاہور(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔15 مئی 2025)فیڈرل انوسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے ) کارپوریٹ کرائم سرکل لاہور کی حوالہ ہنڈی اور غیر قانونی کرنسی کے کاروبار میں ملوث بین الاقوامی نیٹ ورک کے خلاف کارروائی ، 3اہم ملزمان گرفتار ، کروڑوں روپے مالیت کی ملکی و غیر ملکی کرنسی برآمد کر لی گئی ہے،ایف آئی اے حکام کا کہنا ہے کہ ملزمان کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کیلئے بھی مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں اور بہت جلد پورے نیٹ ورک کو بے نقاب کر دیا جائے گا۔

ترجمان ایف آئی اے کے مطابق یہ کارروائی لاہور کی ریس کورس روڈ پر کی گئی جہاں بین الاقوامی حوالہ ہنڈی نیٹ ورک سے منسلک تین افراد محمد محسن، مبین رشید اور زاہد کو گرفتار کیا گیا۔ گرفتار ملزمان دبئی سے چلائے جانے والے حوالہ ہنڈی نیٹ ورک کا حصہ تھے اور غیر قانونی طریقے سے رقوم کی ترسیل میں ملوث تھے۔

(جاری ہے)

ایف آئی اے کی کارروائی کے دوران کارروائی کے دوران ملزمان کے قبضے سے 1 کروڑ 23 لاکھ 80 ہزار پاکستانی روپے، 20,110 برطانوی پاونڈ، 457 سعودی ریال اور 167 امریکی ڈالر برآمد کیے گئے۔

علاوہ ازیں، چیک بکس، ربر اسٹیمپس، رسیدیں اور موبائل فونز بھی قبضے میں لے لئے گئے ہیں۔واضح رہے کہ اس سے قبل بھی ایف آئی اے فیصل آباد زون نے حوالہ ہنڈی اور غیر قانونی کرنسی ایکسچینج میں ملوث 3 ملزمان کو گرفتارکیا تھا۔ کمپوزٹ سرکل فیصل آباد کی ماڈل سٹی فیصل آباد میں چھاپہ مار کاروائی کے نتیجے میں 3 ملزمان کوگرفتارکیا تھا۔بتایاگیا تھا کہ گرفتار ملزمان کی شناخت ناصر رحیم ، نواص خان اور محمد سلیمان کے نام سے ہوئی تھی۔

ملزمان حوالہ ہنڈی کے نیٹ ورک کے ساتھ منسلک پائے گئے گرفتار ملزمان بین الاقوامی حوالہ ہنڈی کے نیٹ ورکس سے منسلک تھے۔ایک اورکارروائی کے دوران وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے پشاور کے تجارتی مرکز چوک یادگار میں بڑی کارروائی کرتے ہوئے حوالہ ہنڈی اور غیر قانونی کرنسی ایکسچینج میں ملوث دو ملزمان کو گرفتار کر لیا تھا۔ کارروائی کے دوران 76 لاکھ روپے سے زائد مالیت کی ملکی و غیر ملکی کرنسی برآمد کی گئی تھی۔

ایف آئی اے کے مطابق برآمد شدہ کرنسی میں 8070 اماراتی درہم، 5101 سعودی ریال، 1291 قطری ریال، 197 امریکی ڈالر، 155 یورو، 3000 جاپانی ین، اور 4735 ترکش لیرا شامل ہیں۔ اس کے علاوہ ملائشین رنگٹ، چائنیز ین، عمانی ریال اور افریقی ڈالرز بھی ضبط کئے گئے تھے۔ایف آئی اے نے گرفتار ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرتے ہوئے مزید تفتیش شروع کر دی تھی۔