Live Updates

بھارت کی جانب سے سندھ طاس معاہدہ کے ساتھ چھیڑچھاڑ اعلان جنگ تصور کیا جائے،کاشف سعید شیخ

جمعرات 15 مئی 2025 18:48

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 مئی2025ء)امیرجماعت اسلامی سندھ کاشف سعید شیخ نے کہاہے کہ بھارت کی جانب سے سندھ طاس معاہدہ کے ساتھ چھیڑچھاڑ اعلان جنگ تصور کیا جائے۔سندھ طاس معاہدہ سندھ سمیت پاکستان کی لائف لائین ہے۔بھارت پانی کو جنگی ہتھیارنہ بنائے توبہتر ہوگا۔سندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزی اورکارپوریٹ فارمنگ سے سب سے زیادہ سندھ متاثر ہوگا کیونکہ ٹیل پرہونے اورپانی کی شدید کمی کی وجہ سے سندھ کی زمین بنجر جبکہ کوٹری ڈائوں اسٹریم پانی نہ چھوڑنے ٹھٹھہ ،سجاول اوربدین اضلاع کی تقریباً 50 لاکھ ایکڑ زرعی زمین سمندر کی نذر ہو چکی ہے۔

پانی کی قلت سے انسانی زندگی اورآبی حیات شدید متاثر ہونے لگی سیکڑوں لوگ نقل مکانی کرنے پر مجبور ہوگئے۔

(جاری ہے)

انہوں نے آج ایک بیان میں کہاکہ ورلڈبنک کے مطابق سندھ طاس معاہدے میں اسے یکطرفہ معطل کرنے یا ختم کرنیکی کوئی شق نہیں ہے، معاہدے میں تبدیلی یا اسے ختم کرنے کے لیے پاکستان اور بھارت کا متفق ہونا ضروری ہے۔اس کے باوجود سندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزی یا اسے معطل کرنے کی دھمکی بھارت کی آبی دہشتگردی اوراعلان جنگ ہوگا۔

سندھ طاس معاہدہ پاکستان اور بھارت کے درمیان دو طرفہ عالمی معاہدہ ہے جسے بھارت یک طرفہ طور پر ختم نہیں کر سکتا۔بھارت کی طرف سے ماضی میں بھی متعدد بار اس معاہدے کی خلاف ورزی کی گئی ہے اور پاکستانی دریائوںپر پن بجلی منصوبے تعمیر کرکے پاکستان آنے والے پانی کو متاثر کیا گیاجوکہ عالمی قوانین اورمعاہدے کی سنگین خلاف ورزی ہے۔بھارت پانی روک کر زرعی ملک پاکستان کو بنجر بناناچاہتا ہے جوکہ آبی دہشتگردی اوراعلان جنگ ہے۔ یاد رہے کہ سندھ طاس معاہدہ 1960میں پاکستان اور بھارت کے درمیان عالمی ثالثی کی زیر نگرانی طے پایا تھا، جس کے تحت دونوں ممالک کے درمیان دریائوں کے پانی کی تقسیم کا نظام قائم کیا گیا ۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات