کراچی،علمائے دین کے قتل میں ملزمان کو 4مرتبہ سزائے موت اور عمر قید کی سزا سنادی گئی

کراچی سینٹرل جیل انسداد دہشتگردی کمپلیکس میں خصوصی عدالت نمبر 6 نے 2 عالم دین کے قتل کیس کا فیصلہ سنادیا

جمعرات 15 مئی 2025 22:15

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 مئی2025ء)انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت نے گلشن اقبال میں 2 عالم دین کے قتل کیس میں ملزم سید محسن عرف طلحہ عرف پاگل کو 4 مرتبہ سزائے موت اور دوسرے ملزم زین العابدین عرف سنی کو 4 مرتبہ عمر قید کی سزا سنادی۔کراچی سینٹرل جیل انسداد دہشتگردی کمپلیکس میں خصوصی عدالت نمبر 6 نے گلشن اقبال میں 2 عالم دین کے قتل کیس کا فیصلہ سنادیا۔

عدالت نے ملزم سید محسن عرف طلحہ عرف پاگل کو 4 مرتبہ سزائے موت جبکہ دوسرے ملزم زین العابدین عرف سنی کو 4 مرتبہ عمر قید کی سزا کا حکم دیدیا۔عدالت نے دونوں ملزمان کو غیر قانونی اسلحہ رکھنے پر 5، 5 سال قید اور 50 ہزار جرمانہ بھی عائد کیا۔عدالت نے ملزم محسن عباس عرف پاگل کو 40 لاکھ روپے بطور ہرجانہ مقتولین کے اہلخانہ کو دینے کا حکم دیا ہے۔

(جاری ہے)

عدالت نے فیصلے میں کہا ہے کہ ہرجانے کی عدم ادائیگی پر ملزم کو ایک سال قید کی سزا بھگتنا ہوگی۔ ملزمان پرمفتی غلام اکبر اور مفتی کامران حسین کو قتل کرنے کا الزام ہے۔عدالت نے سید عباس حسین عرف عاشر اور عباس جعفری کو قتل کیس میں بری کردیا۔ عدالت نے ملزم عباس عرف عاشر کو سندھ اسلحہ ایکٹ میں 5 سال قید کی سزا سنائی ہے۔عدالتی فیصلے کے فورا بعد تینوں ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔ ملزمان کیخلاف قاری حمد اللہ نے 23 اگست 2016 کو مقدمہ درج کرایا تھا، ملزمان کے 2 ساتھی مفرور ہیں۔ ملزمان کیخلاف گلشن اقبال پولیس نے مقدمہ درج کیا گیا تھا۔