۔پاکستان ایک پُرامن ملک ہے اور کسی کے خلاف جارحانہ عزائم نہیں رکھتا تاہم قومی مفادات پر کبھی کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا‘ صدر

جمعرات 15 مئی 2025 22:30

i ٓاسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 15 مئی2025ء)صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان ایک پُرامن ملک ہے اور کسی کے خلاف جارحانہ عزائم نہیں رکھتا۔ تاہم کسی کو کوئی شک نہیں ہونا چاہئی: پاکستان اپنی خودمختاری، جغرافیائی سالمیت اور قومی مفادات پر کبھی کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا‘ سرزمین کے خلاف کسی بھی جارحیت کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔

ہم اپنے خطے میں امن کے خواہاں ہیں۔ خطے میں امن اور استحکام کے لیے ہمارے عزم کو ہرگز کمزوری نہ سمجھا جائے۔ ہم سندھ طاس معاہدے کی کسی یکطرفہ معطلی کو مسترد کرتے ہیں۔پاکستان میں آج جمعہ کو منائے جانے والے یوم تشکر کے موقع پر قوم کے نام پیغام میں صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ آج ہم بلا اشتعال بھارتی جارحیت کے جواب میں آپریشن بنیان مرصوص کی کامیابی اور یوم تشکر منا رہے ہیں۔

(جاری ہے)

میں ربِ ذوالجلال کا شکر گزار ہوں کہ اُس نے ہمیں اس نازک گھڑی میں فتح سے نوازا۔ میں اس کامیابی پر پاکستان کی مسلح افواج کے دلیر سپاہیوں اور پوری فوجی قیادت بالخصوص چیئرمین جائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی، چیف آف آرمی اسٹاف، چیف آف ایئر اسٹاف اور چیف آف نیول اسٹاف کو خراجِ تحسین پیش کرتا ہوں۔ یہ کامیابی صرف پاکستان کی افواج کی نہیں بلکہ پوری قوم کی کامیابی ہے، جو دشمن کی جارحیت کے خلاف بنیان مرصوص کی مانند کھڑے رہے۔

صدر نے کہاکہ مجھے اپنی مسلح افواج پر فخر ہے جنہوں نے بھارتی اشتعال انگیزی کا نہایت پیشہ ورانہ انداز، درستگی اور قوت کے ساتھ جواب دیا۔ مجھے خوشی ہے کہ دنیا نے پاکستان کے صبر و تحمل کا اعتراف کیا اور ہماری اُس آپریشنل مہارت کو بھی تسلیم کیا جس نے دشمن کو اپنی جارحیت سے باز آنے پر مجبور کیا۔ ہم ثابت قدم اور متحد رہے، اور وقار کے ساتھ فتح یاب ہوئے۔

صدر نے کہا کہ پاکستان ایک پُرامن ملک ہے اور کسی کے خلاف جارحانہ عزائم نہیں رکھتا۔ تاہم، کسی کو کوئی شک نہیں ہونا چاہئی: پاکستان اپنی خودمختاری، جغرافیائی سالمیت اور قومی مفادات پر کبھی کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا۔ ہماری سرزمین کے خلاف کسی بھی جارحیت کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔آصف زرداری نے کہا کہ ہم اپنے خطے میں امن کے خواہاں ہیں۔

خطے میں امن اور استحکام کے لیے ہمارے عزم کو ہرگز کمزوری نہ سمجھا جائے۔ ہم سندھ طاس معاہدے کی کسی یکطرفہ معطلی کو مسترد کرتے ہیں کیونکہ معاہدے میں یکطرفہ معطلی کی کوئی شق موجود نہیں۔ پاکستان اپنے آبی حقوق کے تحفظ کے لیے قومی طاقت کے تمام ذرائع بروئے کار لائے گا۔صدرنے کہا کہ ہم اپنے ان بہادر سپاہیوں کو سلام پیش کرتے ہیں جنہوں نے اپنی جانوں کا نذرانہ دے کر وطن عزیز کا دفاع کیا اور دشمن کے سامنے ڈٹ کر کھڑے رہے۔

ان کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔بطور صدر اسلامی جمہوریہ پاکستان، میں آج یہ اعادہ کرتا ہوں کہ ہم ہمیشہ اپنی افواج کے شانہ بشانہ کھڑے رہیں گے، اور اپنی مادرِ وطن کے ایک ایک انچ کے دفاع کے لیے چٹان کی مانند ڈٹے رہیں گے۔اللہ تعالیٰ ہمارے وطن کو سلامت رکھے۔ آمین!پاکستان پائندہ باد!