گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران 134بجلی چوروں کے خلاف مقدمات درج، 5گرفتار

جمعہ 16 مئی 2025 00:00

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 مئی2025ء) وزیر اعظم محمد شہباز شریف کی ہدایت پرچیف ایگزیکٹو لیسکو انجینئر محمد رمضان بٹ کی قیادت میں قائم ہونیوالے ڈسکوز سپورٹ یونٹس کا ریجن بھر میں بجلی چوروں کے خلاف آپریشن جاری ہے،ترجمان کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران لیسکو، رینجرز اوردیگر قانون نافذ کرنیوالے اداروں کے مشترکہ آپریشن میں335 مقامات پر بجلی چوری پکڑی گئی اور134 ملزمان کے خلاف مقدمات درج کرکے 5 کو گرفتار کرلیا گیا۔

(جاری ہے)

ترجمان کے مطابق ملزمان کوڈٹیکشن بل کی مد میں 2 لاکھ72 ہزار767 یونٹس چارج کیے گئے جن کی مالیت ایک کروڑ2 لاکھ 37 ہزار71 روپے ہے۔چیف ایگزیکٹو لیسکو انجینئر محمد رمضان بٹ کا کہنا ہے کہ بجلی چور قومی مجرم ہیں ، ایسے عناصر کے ساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔ انہوں نے لیسکو افسران و ملازمین کو ہدایت کی کہ بجلی چوروں کے خلاف بلاتفریق بھرپور کارروائیاں جاری رکھی جائیں اور اس سلسلے میں کسی قسم کا دبائو قبول نہ کیا جائے۔