خواتین کی ترقی اور منشیات فروشوں کے خلاف جدوجہد جاری رکھوں گی، ناصرہ عبادت

جمعہ 16 مئی 2025 10:10

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 مئی2025ء) چیئرپرسن ہیومن رائٹس، چیئرپرسن پختونخوا قومی جرگہ اورجماعت اسلامی کی میٹروپولیٹن ڈسٹرکٹ ممبر ناصرہ عبادت نے کہا ہے کہ وہ کسی بھی دباؤ میں آئے بغیر اپنے مشن سے ایک انچ بھی پیچھے نہیں ہٹیں گی۔ انہوں نے خلوص نیت اور ایمانی جذبے کے ساتھ خواتین کی ترقی اور منشیات فروشوں کے خلاف آواز بلند کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔

ناصرہ عبادت نے کہا کہ وہ گزشتہ کئی برسوں سے مختلف اضلاع، شہروں اور علاقوں میں خواتین کی تعلیم، صحت اور آگاہی کے حوالے سے کام کر رہی ہیں تاکہ وہ باشعور ہو کر اپنے حقوق سے واقف ہوں اور ملک کی ترقی میں بھرپور کردار ادا کر سکیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی آبادی کا 52 فیصد خواتین پر مشتمل ہے، جنہیں بااختیار بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ وہ مختلف علاقوں میں تدریسی سرگرمیوں میں بھی مصروف ہیں اور منشیات فروشی جیسے ناسور کے خاتمے کے لئے مسلسل جدوجہد کر رہی ہیں تاکہ نوجوان نسل کو اس لعنت سے محفوظ بنایا جا سکے۔ناصرہ عبادت نے انکشاف کیا کہ کچھ دنوں سے انہیں مختلف طریقوں سے ذہنی اذیت دی جا رہی ہے اور دھمکیاں دی جا رہی ہیں کہ وہ اپنے کام سے دستبردار ہو جائیں، لیکن انہوں نے واضح کیا کہ وہ کسی بھی قیمت پر اپنے مقصد سے پیچھے نہیں ہٹیں گی۔

ان کا کہنا تھا کہ اگر انہیں یا ان کے بچوں کو کوئی نقصان پہنچا تو اس کی تمام تر ذمہ داری منشیات فروشوں اور خواتین کی ترقی کے مخالف عناصر پر عائد ہوگی۔انہوں نے اعلان کیا کہ وہ ان عناصر کے خلاف بہت جلد ایف آئی آر درج کرائیں گی اور اس حوالے سے پریس کانفرنس بھی کریں گی۔