ٹنڈوآدم میں یومِ تشکر کی مناسبت سے شاندار ریلی، شہدا کو خراجِ عقیدت، پرچم کشائی، دعا اور مٹھائی کی تقسیم

جمعہ 16 مئی 2025 13:04

حیدرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 مئی2025ء) حکومت کی جانب سے ملک کی دفاعی کامیابیوں کے اعتراف میں منائے جانے والے یومِ تشکر کے موقع پر تعلقہ انتظامیہ ٹنڈوآدم کی جانب سےاسسٹنٹ کمشنر ٹنڈوآدم حنین طارق شاہانی کی سربراہی میں مختیارکار آفس سے یادگارِ شہداتک ریلی کا انعقاد کیا گیا۔ ریلی میں مختلف محکمہ جات کے افسران، سکولوں کے طلبا، اساتذہ، معزز شہری، سیاسی و سماجی شخصیات، صحافی برادری اور سول سوسائٹی کے اراکین نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

ریلی کے شرکاہاتھوں میں قومی پرچم تھامے، حب الوطنی کے نعروں سے فضا کو گونجاتے ہوئے یادگارِ شہداپر پہنچے، جہاں قومی پرچم کشائی کی گئی، شہداکے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی گئی، اور شرکامیں مٹھائی تقسیم کی گئی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر حنین طارق شاہانی نے اے پی پی سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ یومِ تشکر منانے کا مقصد پاک بھارت جنگ میں قوم کی فتح پر شکر ادا کرنا اور اُن عظیم شہداکو یاد کرنا ہے جنہوں نے مادرِ وطن کی حفاظت کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔

آج کا دن ہمیں اتحاد، یگانگت اور قربانی کے جذبے کی یاد دلاتا ہے۔ تقریب میں ڈی ایس پی ٹنڈوآدم عبدالستار گرگیج، تعلقہ ایجوکیشن آفیسر مختیار عمرانی، مختیارکار ٹنڈوآدم غلام شبیر سھتو، معروف سماجی رہنما مرزا اشفاق بیگ، عاشق حسین ساند، وسیم چنہ سمیت دیگر افسران اور شہری بڑی تعداد میں شریک ہوئے۔ شرکانے اس موقع پر اس بات پر زور دیا کہ قوم کو اپنے شہداپر فخر ہے، اور نئی نسل کو اُن کی قربانیوں سے روشناس کرانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ تقریب کے اختتام پر دعا کی گئی کہ پاکستان ہمیشہ قائم و دائم رہے، اور دشمنانِ وطن کے ناپاک عزائم کو ناکامی کا سامنا ہو۔