حالیہ کشیدگی کے دوران جو قومی اتحاد دیکھنے کو ملا، وہ پاکستان کی تاریخ میں یاد رکھا جائے گا، سینیٹر عرفان الحق صدیقی

جمعہ 16 مئی 2025 14:00

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 مئی2025ء) سینیٹر عرفان الحق صدیقی نے کہاہے کہ حالیہ کشیدگی کے دوران جو قومی اتحاد دیکھنے کو ملا، وہ پاکستان کی تاریخ میں ایک روشن باب کے طور پر یاد رکھا جائے گا۔جمعہ کو ایوان بالا کے اجلاس میں سینیٹر عرفان صدیقی نے کہاکہ بھارت کی جارحیت اور پاکستان کی شاندار فتح کا سب سے مثبت پہلو یہ ہے کہ آج ہم اور اپوزیشن ایک پیج پر ہیں۔

یہ قومی اتحاد ہی اصل کامیابی ہے۔انہوں نے بھارت کے علاقائی رویے پر تنقید کرتے ہوئے کہاکہ بھارت کی تاریخ ہمسایہ ممالک کے ساتھ کشیدہ تعلقات سے بھری ہوئی ہے۔ چاہے نیپال ہو، بھوٹان، پاکستان یا سری لنکا، بھارت کا کسی کے ساتھ دوستانہ تعلق نہیں رہا۔سینیٹر صدیقی نے پہلگام واقعہ کی آزادانہ تحقیقات کا مطالبہ دہراتے ہوئے کہ کہ ہم بھارت سے کہتے ہیں کہ وہ اس واقعے کی شفاف تحقیقات کروائے، جیسا کہ ہمارے وزیر اعظم نے بھی تجویز کیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے واضح اور دوٹوک الفاظ میں کہاکہ بھارت کبھی پاکستان کو غزہ نہیں بنا سکتا، اور یہ پیغام بھارت کو اچھی طرح مل چکا ہے۔افواجِ پاکستان کی شجاعت اور عوام کی یکجہتی کو سراہتے ہوئے انہوں نے کہاکہ اس جنگ کے دوران جو یکجہتی عوام اور پارلیمنٹ نے دکھائی، وہ بے مثال ہے۔ ہماری افواج نے ثابت کر دیا ہے کہ جنگیں صرف ہتھیاروں سے نہیں بلکہ جذبے، حوصلے اور عزم سے لڑی جاتی ہیں۔