پاکستان کی مسلح افواج کی شاندار کارکردگی اور جرات نے بھارت کا برسوں کا غرور توڑا ہے،ساجد حبیب

جمعہ 16 مئی 2025 15:31

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 مئی2025ء) یوم تشکر ہماری افواج کی بہادری اور صلاحیتوں کے اعتراف کا دن ہے جن کی غیر معمولی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور ٹھوس پلاننگ کی بدولت حالیہ پاک' بھارت مختصر دورانیے کی تاریخ ساز جنگ قرار پائی، پاکستان کی مسلح افواج کی شاندار کارکردگی اور جرات نے بھارت کا برسوں کا غرور توڑا ہے۔ ان خیالات کا اظہار لاہور کالج فار ویمن یونیورسٹی میں یوم تشکر کی تقریب سے مہمان خصوصی ائیر وائس مارشل(ر) ساجد حبیب نے اپنے خطاب میں کیا۔

یوم تشکر کے موقع پر پرچم کشائی کی گئی اور قومی ترانہ پڑھا گیا۔ اساتذہ اور طالبات نے مسلح افواج کو خراج تحسین پیش کرنے کیلئے واک بھی کی۔یونیورسٹی کے باوردی گارڈز نے پریڈ کی اور سلامی پیش کی۔ تقریب میں رجسٹرار عظمی بتول، ڈین ڈاکٹر حمیرا خان، ڈین ڈاکٹر فلیحہ کاظمی، کنٹرولر امتحانات مس افشیں، فیکلٹی ممبرز اور طالبات نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اپنے خطاب میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عظمی قریشی نے کہا کہ افواج پاکستان نے بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیتے ہوئے انڈین فوج کو جو سبق سکھایا اس کی گونج پوری دنیا میں سنی گئی، حالیہ جنگ، دشمن کی چال اور پاکستان کے جواب سے لے کر تاریخ کے ایک نئے باب تک مشتمل تھی، ہماری رقم کردہ تاریخ نصاب میں شامل ہو کر ہمیشہ کیلئے زندہ ہو گئی۔

ڈاکٹر عظمی قریشی نے کہا کہ دنیا بھر میں بھارت کا تماشہ بنا، تاریخ ہتھیاروں کی تعداد سے نہیں بلکہ جرات ، بہادری اور بلند حوصلوں سے رقم ہوتی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ میدان عمل میں صرف ہتھیار نہیں جذبہ اور عزم بھی لازم ہوتا ہے مگر ہمارا دشمن بھارت حوصلے، جذبے اور عزم جیسی نعمتوں سے محروم ہے۔ وائس چانسلر نے پاکستان کو بچانے پر پاک افواج کو بھرپور خراج تحسین پیش کیا۔