خیبر میڈیکل یونیورسٹی میں یومِ تشکرمذہبی اورقومی جوش وخروش سے منایا گیا

جمعہ 16 مئی 2025 16:50

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 مئی2025ء) خیبر میڈیکل یونیورسٹی پشاور میں وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی ہدایات کی روشنی میں بھارتی جارحیت کے خلاف پاکستان کی مسلح افواج کی کامیابی پر’’یومِ تشکر‘‘ مذہبی اور قومی جوش وجذبے سے منایاگیا۔ اس دن کا مقصد معرکۂ حق کی تاریخی فتح کی یاد منانا اور پاکستان کی بہادر افواج اور عوام کی لازوال قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کرنا تھا۔

اس موقع پر ’’پاکستان کے بہادر افواج کو خراجِ تحسین‘‘ کے عنوان سے ’’یومِ تشکر واک‘‘ کا اہتمام کیا گیاجس کے ذریعے پاکستان کی مسلح افواج سےاظہار یکجہتی کیاگیا اور ان کی قومی دفاع کے لیے غیر متزلزل خدمات کو سراہاگیا۔یہ واک رجسٹرار کے ایم یو انعام اللہ وزیر کی قیادت میں منعقد ہوئی جس میں جامعہ کے فیکلٹی ممبران، انتظامی عملے اور طلبہ و طالبات کی بڑی تعداد نے بھرپور شرکت کی۔

(جاری ہے)

شرکاء نے اتحاد و یکجہتی کا عملی مظاہرہ کرتے ہوئے دل کی گہرائیوں سے پاکستان کی افواج کی قربانیوں، جرات اور حب الوطنی کوشاندار الفاظ میں خراجِ تحسین پیش کیا۔طلبہ نے سبز ہلالی قومی پرچم تھامے، وطن سے محبت کے نعرے بلند کرتے ہوئے یکجہتی اور قومی فخر کا جذبہ اجاگر کیا۔ واک کے دوران اٹھائے گئے بینرز اور پلے کارڈز پر امن، ہم آہنگی اور حب الوطنی کے پیغامات کے علاوہ بھارتی جارحیت کی مذمت اور کشمیر کی آزادی کے نعرے درج تھے۔یوم تشکر کے سلسلے میں یونیورسٹی کی جامع مسجد میں نماز جمعہ کے بعد ملک کے امن، سلامتی ، قومی یکجہتی اور مسلح افواج کے غیر متزلزل عزم واستحکام کے لیے خصوصی دعائیں بھی مانگی گئیں۔