Live Updates

یومِ تشکر اللہ کے فضل اور پاک فوج کی قربانیوں سے پاکستان ایک بار پھر سرخرو دشمن پسپا ہوا ،طاہر کھوکھر

جمعہ 16 مئی 2025 19:15

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 مئی2025ء) پاسبانِ وطن پاکستان کے مرکزی صدر محمد طاہر کھوکھر نے یومِ تشکر کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ آج کا دن اللہ تعالیٰ کے حضور شکر بجا لانے کا دن ہے جس نے پاکستان کو ایک بار پھر دشمنوں کے ناپاک عزائم سے محفوظ رکھا انہوں نے کہا کہ کفر اور باطل قوتوں کو ایک بار پھر شکست فاش ہوئی اور اسلام کو سر بلند کیا گیا قوم آج اتحادیگانگت اور ملی شعور کے ساتھ ایک پیج پر ہے اور اس عظیم لمحے کو یومِ تشکر کے طور پر منا رہی ہے۔

طاہر کھوکھر نے کہا کہ وہ تمام عناصر جو کل تک پاک فوج پر تنقید کرتے تھے آج ان کے لیے مقامِ عبرت ہے ایسے افراد کو شرم سے ڈوب مرنا چاہیے کیونکہ اس ملک کی بقاء سالمیت اور خودمختاری کا اصل سہارا ہماری بہادر افواج ہیں انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان کی حفاظت صرف اللہ کے کرم سے اور افواجِ پاکستان کی بے مثال قربانیوں سے ممکن ہوئی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ جس طرح انڈیا اور کفری قوتوں نے رات کی تاریکی میں اسلام اور پاکستان پر وار کرنے کی ناپاک کوشش کی اللہ تعالیٰ کی مدد اور فوج کے بروقت ردعمل نے اُن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملا دیا پاک فوج کے جوانوں نے اپنی جانیں قربان کر کے دشمن کے حملے کو روکا اور اپنی جانوں کا نذرانہ دے کر اس وطن کی مٹی کو سیراب کیا ان کی قربانیاں ناقابلِ فراموش ہیں۔

طاہر کھوکھر نے کہا کہ یومِ تشکر منانے کا مقصد نہ صرف اللہ کا شکر ادا کرنا ہے بلکہ پوری دنیابالخصوص دشمن قوتوں کو یہ پیغام دینا ہے کہ پاکستانی قوم اپنی فوج کے ساتھ چٹان کی طرح کھڑی ہے ہم ہر قیمت پر اپنے ملک کا دفاع کریں گے اور دشمن کو منہ توڑ جواب دیں گے انہوں نے کہا کہ آج کا دن اس بات کی گواہی دے رہا ہے کہ پاکستان ایک ناقابلِ تسخیر ریاست ہے جسے نہ کوئی سازش کمزور کر سکتی ہے نہ کوئی حملہ ہلا سکتا ہے پاکستانی قوم ایک ایمان دار غیرت مند اور محبِ وطن قوم ہے جو ہر وقت ملک و ملت کی حفاظت کے لیے تیار ہے۔

طاہر کھوکھر نے پوری قوم سے اپیل کی کہ وہ افواجِ پاکستان کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے اللہ تعالیٰ کے حضور سجدہ شکر ادا کرے کیونکہ اسی کے فضل اور ہماری فوج کی قربانیوں کی بدولت آج پاکستان ایک بار پھر کامیابی سے ہمکنار ہوا ہے، اور دشمن پسپا ہو کر اپنے ناپاک ارادوں میں ناکام رہا ہے۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات