پسند کی شادی :عدالت کی لڑکے اوراس کے گھر والوں کو ہراساں نہ کرنے کی ہدایت

زینب نے 4 اپریل کو عثمان سے پسند کی شادی کی۔ سچل پولیس نے مقدمہ درج کرکے لڑکے کے گھر پر تالے لگا دئیے ہیں،وکیل درخواست گزار

جمعہ 16 مئی 2025 20:14

پسند کی شادی :عدالت کی لڑکے اوراس کے گھر والوں کو ہراساں نہ کرنے کی ہدایت
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 مئی2025ء)سندھ ہائی کورٹ نے پسند کی شادی کرنے والے جوڑے کی تحفظ سے متعلق درخواست پرجوڑے کیخلاف کارروائی کرنے اور ہراساں کرنے پر برہمی کا اظہارکرتے ہوئے پولیس کو گرفتاری سے روک دیاجبکہ لڑکے اور اس کے گھر والوں کو ہراساں نہ کرنے کی ہدایت کردی۔جمعہ کو سندھ ہائیکورٹ میں پسند کی شادی کرنے والے جوڑے کی تحفظ سے متعلق درخواست کی سماعت ہوئی۔

درخواستگزار کے وکیل نے موقف دیا کہ زینب نے 4 اپریل کو عثمان سے پسند کی شادی کی۔

(جاری ہے)

سچل پولیس نے مقدمہ درج کرکے لڑکے کے گھر پر تالے لگا دئیے ہیں۔ درخواستگزار اور اس کے شوہر کو گرفتار کرنے اور ہراساں کرنے سے روکا جائے۔ لڑکی نے بیان دیا کہ میں نے اپنی مرضی سے پسند کی شادی کی ہے۔ شادی کرنے والے جوڑے کیخلاف کارروائی کرنے اور ہراساں کرنے پر عدالت کا اظہار برہمی کیا۔ جسٹس عدنان الکریم میمن نے ریمارکس دیئے کہ کیا پولیس کا کام لوگوں کو ہراساں کرنا ہی لگتا ہے لوگوں کو ہراساں کرنا پولیس کی پرائم ڈیوٹی ہے۔ عدالت نے پولیس کو گرفتاری سے روک دیا۔ عدالت نے پولیس کو لڑکے اور اس کے گھر والوں کو ہراساں نہ کرنے کی ہدایت کردی۔ عدالت نے فریقین کو 29 مئی کے لیے نوٹس جاری کردیئے۔