Live Updates

بھارت کو منہ توڑ جواب دینے کیلئے سینیٹ میں افواج پاکستان کو زبردست خراج تحسین پیش

جمعہ 16 مئی 2025 20:21

بھارت کو منہ توڑ جواب دینے کیلئے سینیٹ میں افواج پاکستان کو زبردست ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 مئی2025ء)سینیٹ میں اراکین نے بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے پر افواج پاکستان کو زبردست الفاظ میں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ مسلح افواج نے ثابت کر دیا کہ ملک کا دفاع ناقابل تسخیر ہے، دشمن کی کسی بھی چال کو ناکام بنانے کے لیے ہمیں تیار رہنا ہوگا۔جمعہ کو سینیٹ اجلاس کی صدارت پیپلزپارٹی کی سینیٹر شیری رحمن نے کی۔

اجلاس کے دور ان پاک - بھارت جنگ کے دوران دشمن کے دانت کھٹے کرنے اور اس سے درپیش صورتحال پر بحث جاری رہی، سینیٹر علی ظفر، سینیٹر عرفان صدیقی، سینیٹر راجا ناصر عباس، سینیٹر عبدالقادر، سینیٹر عون عباس اور دیگر اراکین نے بحث میں حصہ لیا۔ارکان سینیٹ نے کہا کہ بھارت کی تاریخ ہمسایوں کے ساتھ تعلقات کے حوالے سے واضح ہے، نیپال ہو، بھوٹان ہو، پاکستان یا سری لنکا، بھارت کے کسی کے ساتھ تعلقات اچھے نہیں، بھارت کو کہا گیا کہ پہلگام واقعہ کی تحقیقات کروائے تاہم وہ نہیں مانے، پاکستان میں تباہی بھارت کی خام خیالی ہے، بھارت کبھی پاکستان کو غزہ نہیں بنا سکتا اور یہ پیغام بھارت کو اچھی طرح مل گیا۔

(جاری ہے)

ارکان سینیٹ نے کہا کہ اس جنگ کے دوران جو یکجہتی عوام اور پارلیمنٹ نے دکھائی اس سے پہلے کبھی نہیں دکھائی، ہماری افواج نے یہ ثابت کر دیا کہ جنگیں صرف ہتھیاروں سے نہیں بلکہ جذبے سے لڑی جاتی ہیں، ہمیں فخر ہے اپنے دوست ممالک پر جو مشکل وقت میں ہمارے ساتھ کھڑے رہے، ہمیں اپنے شہدا پر فخر ہے، ہم ان کے لیے دعاگو ہیں، ہمیں اپنی افواج اور میڈیا پر فخر ہے جنہوں نے پروفیشنل انداز میں کام کیا۔

انہوں نے کہا کہ مودی کو اپنے رافیل طیاروں اور ہتھیاروں پر بڑا مان تھا، بھارت نے بزدل قوم کی طرح رات میں حملہ کیا اور ہماری جوابی کارروائی سے وہ گھبرا گئے، ہم نے ایک رات میں ثابت کیا کہ پاک فضائیہ بہترین اور پیشہ ورانہ صلاحیت رکھتی ہے۔انہوںنے کہاکہ ہم بھارت کی طرح نہیں ہیں کہ شہریوں پر حملہ کریں، پاکستان کے جوابی حملے سے خوفزدہ ہو کر مودی نے کہا ہم جنگ بندی چاہتے ہیں، مودی کا خیال تھا کہ کشمیر کا مسئلہ دبا دیا جائے گا مگر یہ ابھر کر بین الاقوامی سطح پر آگیا، بھارت نے کہا ہم ایک ذمہ دار قوم نہیں ہیں، مگر ہم نے دکھا دیا کہ ہم ایک جوہری طاقت ہیں اور ایک ذمہ دار قوم ہیں۔

اس سے قبل وزارتِ تجارت کے ترقیاتی بجٹ 26-2025 پر رپورٹ بھی ایوان میں پیش کی گئی، پاکستان بیت المال ترمیمی بل 2024 پر کمیٹی رپورٹ، وفاقی اردو یونیورسٹی میں تنخواہوں کی عدم ادائیگی پر طلبہ اور عملے کی ہڑتال اور طلبہ یونین پر پابندی کے معاملے پر بھی قائمہ کمیٹی کی رپورٹ بھی ایوان میں پیش کی گئی۔اس کے علاوہ راجا رستی تا عمرکوٹ سڑک کی عدم تکمیل اور ٹول ٹیکس کے معاملے پر رپورٹس بھی ایوان میں پیش کی گئیں۔ سینیٹ کا اجلاس پیر سہ پہر 4 بجے تک کے لیے ملتوی کر دیا گیا۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات