اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور میں آپریشن بنیان مرصوص کی تاریخی کامیابی پر یوم تشکر کی تقریبات

جمعہ 16 مئی 2025 20:46

بہاول پو ر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 مئی2025ء) اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور میں معرکہ حق کی تاریخی کامیابی پر یوم تشکر کی تقریبات منعقد ہوئیں۔ اس سلسلے میں اساتذہ کرام اور طلباو طالبات نے پرچم کو سلامی، خصوصی واک اور ملی نغموں و تقاریر پر مشتمل مقابلوں میں شرکت کی۔ پروفیسر ڈاکٹر محمد کامران وائس چانسلر اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور نے یوم تشکر کے سلسلے میں کہا ہے کہ پاکستان کی مسلح افواج کی جانب سے کیا گیا آپریشن بنیان مرصوص وطن عزیز پاکستان کی طاقت ، سالمیت، اتحاداور فتح کی علامت بن گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کے خصوصی کرم اور فضل سےپاکستانی قوم اس امتحان میں سرخرو ثابت ہوئی اور دشمن کو دندان شکن جواب دیا گیا۔ دریں اثناء عباسیہ کیمپس میں سکیورٹی ڈویژن کے چاک و چوبند دستے نے قومی پرچم کو سلامی دی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر پاکستان کی آزادی اور سلامتی کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں اور فتح مبین پر اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کیا۔

یوم تشکر کے سلسلے میں غلام محمد گھوٹوی ہال میں خطاب کرتے ہوئے اساتذہ کرام اور طلباو طالبات نے معرکہ بنیان مرصوص اور اس کے نتیجے میں پاکستان کی قومی اور علاقائی بالادستی پر گفتگو کی۔ اس موقع پر رجسٹرار محمد شجیع الرحمٰن، ایڈیشنل رجسٹرار عارف رموز، ڈائریکٹر پبلک ریلیشنز ڈاکٹر شہزاد احمد خالد، اساتذہ کرام اور طلباو طالبات موجود تھے۔ ڈائریکٹر اسٹوڈنٹس افیئرز کے طلباو طالبات نے ملی نغموں اور خوبصورت ٹیبلوز کے ذریعے آپریشن بنیان مرصوص کے مختلف پہلوؤں کا احاطہ کیا۔