Live Updates

آپریشن بنیان المرصوص ملک دشمن عناصر کے خلاف ایک تاریخی کامیابی ہے،مقررین

جمعہ 16 مئی 2025 21:26

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 مئی2025ء) آپریشن بنیان المرصوص کی کامیابی اور پاک فوج کی جرات و قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے تنظیم اپیسکا کے زیر اہتمام ریاست آزاد جموں و کشمیر کے مختلف اضلاع میں بھرپور ریلیوں کا انعقاد کیا گیا۔ عوامی سطح پر منعقد کی گئی ان ریلیوں میں شہریوں نے جوش و خروش سے شرکت کی اور قومی یکجہتی کا بھرپور مظاہرہ کیا۔

ضلع نیلم کے مرکزی ہیڈ کوارٹر میں نکالی گئی ریلی کی قیادت صدر ضلع آفتاب تبسم اور جنرل سیکریٹری خواجہ فاروق نے کی۔ ریلی میں نوجوانوں، طلبہ، تاجروں اور سول سوسائٹی کے نمائندوں سمیت زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ریلی کے شرکاء نے ''پاکستان افواج زندہ باد'' اور ''پاکستان زندہ باد'' کے فلک شگاف نعرے بلند کیے، جن سے پورا علاقہ گونج اٹھا۔

(جاری ہے)

شرکاء کے ہاتھوں میں قومی پرچم، پاک فوج سے اظہارِ یکجہتی کے بینرز اور پلے کارڈز تھے جن پر وطن سے محبت اور فوج کے ساتھ یکجہتی کے جذبات درج تھے۔ریلی کا اختتام بنتل چوک میں ہوا، جہاں مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آپریشن بنیان المرصوص ملک دشمن عناصر کے خلاف ایک تاریخی کامیابی ہے، جس پر پوری قوم کو فخر ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاک فوج نے جس جرات و بہادری کے ساتھ دشمن کی سازشوں کو ناکام بنایا، وہ ناقابلِ فراموش ہے۔

صدر اپیسکا ضلع نیلم آفتاب تبسم نے اپنے خطاب میں کہا کہ یہ ریلی صرف ایک تقریب نہیں بلکہ پاک فوج کے ساتھ عوامی عقیدت و محبت کا عملی اظہار ہے۔ جنرل سیکریٹری خواجہ فاروق نے کہا کہ افواج پاکستان ہماری سلامتی کی ضامن ہیں اور پوری قوم ان کے ساتھ چٹان کی طرح کھڑی ہے۔ریلی پرامن طور پر اختتام پذیر ہوئی اور انتظامیہ کی جانب سے سیکیورٹی کے مؤثر انتظامات کیے گئے تھے۔ اپیسکا کی قیادت نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وطن عزیز کی سلامتی اور استحکام کے لیے ہر محاذ پر فوج کے شانہ بشانہ کھڑے رہیں گے۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات