راولاکوٹ‘ آپریشن بنیان المرصوص معرکہ حق کی کامیابی پر یوم تشکر، شاندار ریلی کا انعقاد

جمعہ 16 مئی 2025 22:03

bراولاکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 16 مئی2025ء)آپریشن بنیان المرصوص، معرکہ حق کی شاندار کامیابی پر دن کا آغاز مساجد میں نماز فجر کے بعد شہداء کے بلندی درجات اور ملک کی سلامتی، امن و استحکام کے لیے خصوصی دعاؤں سے کیا گیا۔راولاکوٹ میں یوم تشکر منایا گیا اور ایک عظیم الشان ریلی نکالی گئی۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ کمپلیکس راولاکوٹ میں پرچم کشائی کی گئی، جس کے بعد پرجوش عوامی ریلی کا آغاز ہوا۔

ریلی کی قیادت ڈپٹی کمشنر پونچھ سردار عمر فاروق نے کی۔ ان کے ہمراہ سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس محمد ریاض مغل، چیئرمین ضلع کونسل سردار جاوید شریف، ڈپٹی میئر قاضی نثار احمد، اور صدر آفیسرز ایسوسی ایشن راولاکوٹ سردار ظفر اقبال بھی موجود تھے۔ریلی میں سیاسی و سماجی رہنماؤں، پرائیویٹ سکولز ایسوسی ایشنز، سول سوسائٹی، تاجران، وکلاء اور صحافیوں سمیت اہم شخصیات، سرکاری و پرائیویٹ تعلیمی اداروں کے اساتذہ طلباء و طالبات، آفیسران و اہلکاران نے بھرپور شرکت کی۔

(جاری ہے)

ریلی شروع ہونے سے قبل ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل عبدالقادر نے یوم تشکر کی غرض و غایت پر روشنی ڈالی۔ریلی بازار کے مختلف راستوں سے ہوتی ہوئی غازی ملت پریس کلب کے سامنے جلسہ عام میں تبدیل ہو گئی، جہاں شرکاء نے ''نعرہ? تکبیر''، ''پاکستان زندہ باد'' اور ''مسلح افواج پاکستان زندہ باد'' کشمیر بنے گا پاکستان کے فلک شگاف نعرے لگائے۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر پونچھ سردار عمر فاروق نے کہا کہ دو قومی نظریہ ہماری ریاستی اساس ہے اور غازی ملت کی قیادت میں 19 جولائی 1947ء کو منظور کی گئی قراردادِ الحاقِ پاکستان ہی ہماری منزل ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم اپنے شہداء کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں جنہوں نے اپنی جانوں کا نذرانہ دے کر ہماری سرزمین کی حفاظت کی۔ مسلح افواج، عوام اور سول اداروں کی مشترکہ جدوجہد ہماری قومی یکجہتی کی روشن مثال ہے۔ یہ کامیابی دراصل پوری قوم کی دعاؤں، اعتماد اور یکسوئی کا نتیجہ ہے۔ڈپٹی کمشنر نے مزید کہا کہ ''راولاکوٹ کے عوام نے ہمیشہ ملک سے والہانہ محبت اور افواج پاکستان سے غیر متزلزل یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔ آج کا دن اس بات کا ثبوت ہے کہ ہم دفاع وطن کے لیے ہر قربانی دینے کو تیار ہیں۔''آخر میں شہداء کے بلندی درجات اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے خصوصی دعا بھی کی گئی۔یوم تشکر کی اس ریلی نے عوامی شعور، حب الوطنی اور اتحاد کا ایک زبردست منظر پیش کیا۔