اے ایس ایف پاکستان کی تمام فورسز کے شہدا خصوصا پاک فوج کے شہدا کی عظمت کو سلام پیش کرتی ہے،ڈی جی اے ایس ایف

اے ایس ایف کی تمام یونٹس اور ہیڈکوارٹرز میں بھی یوم تشکرنہایت جوش و جذبے، عقیدت اور قومی وحدت کے بھرپور مظاہرے کے ساتھ منایا گیا

جمعہ 16 مئی 2025 21:10

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 مئی2025ء)ملک بھرکی طرح جمعہ کو یومِ تشکر کا دن اے ایس ایف کی تمام یونٹس اور ہیڈکوارٹرز میں بھی نہایت جوش و جذبے، عقیدت اور قومی وحدت کے بھرپور مظاہرے کے ساتھ منایا گیا۔ یہ دن پاکستان کی شاندار عسکری کامیابیوں پر اللہ کے حضور شکر بجا لانے، شہدا کی عظیم قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرنے، اور قومی وقار و سالمیت کے تحفظ کے عہد کی تجدید کا دن تھا۔

دن کا آغاز اے ایس ایف کی تمام یونٹس میں واقع مساجد میں تلاوتِ قرآنِ پاک اور اجتماعی دعاوں سے ہوا، جن میں وطنِ عزیز کی سلامتی، استحکام، اور دشمن کے خلاف کامیابیوں پر شکرانہ ادا کیا گیا۔اس ضمن میں مرکزی تقریب اے ایس ایف ہیڈ کوارٹرز کراچی میں منعقد ہوئی۔ تقریب کا آغاز قومی پرچم کو سلامی سے ہوا اور اے ایس ایف کے چاق و چوبند دستے نے پرچم کو سلامی پیش کی ۔

(جاری ہے)

بعدازاں ڈائریکٹر جنرل اے ایس ایف نے یادگار شہدا پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور شہدا کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی۔ڈائریکٹر جنرل اے ایس ایف میجر جنرل عدنان آصف جاہ شاد ہلالِ امتیاز (ملٹری )نے اس موقع پر افواج پاکستان کے ساتھ اظہار یکجہتی اور ان کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ معرکہ حق میں افواج پاکستان دشمن کے خلاف بنیان مرصوص (سیسہ پلائی دیوار)کی مانند کھڑی رہیں اور دنیا نے افواج پاکستان کی آپریشنل مہارت کو تسلیم کیا۔

مادر وطن کی خاطر جان نچھاور کرنے والے بہادر سپوتوں کی عظیم قربانیوں کو کبھی بھی فراموش نہیں کیا جاسکتا. انہوں نے کہا کہ آج ، بھارت کی کھلی جارحیت اور اشتعال انگیزی کے خلاف پاکستان کی شاندار کامیابی اور فتح پر اللہ تعالی کا شکر بجا لانے کا دن ہے۔ پاکستان کی بہادر اور پیشہ وارانہ مسلح افواج نے دشمن کو اسی کی زبان میں مثر اور بھرپور جواب دے کر عسکری تاریخ کا سنہرا باب رقم کیا اور دشمن کے عزائم کو ناکام بنایا ہے۔

انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ جب کبھی بھی ملک کے دفاع اور بقا کی بات ہوگی ساری غیور قوم پاکستان کی افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہوگی۔ ڈائریکٹر جنرل اے ایس ایف نے معرکہ حق کے دوران ائیرپورٹس پر اپنے فرائض منصبی مستعدی سے ادا کرنے پر اے ا یس ایف کے جوانان و افسران کو بھی سراہا اور کہا کہ اے ایس ایف پاکستان کی تمام فورسز کے شہدا خصوصا پاک فوج کے شہدا کی عظمت کو سلام پیش کرتی ہے۔