Live Updates

آرٹس کونسل میں معرکہ حق کی تاریخی کامیابی پر یوم تشکر کے موقع پر پرچم کشائی کی تقریب کا انعقاد

جمعہ 16 مئی 2025 21:20

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 مئی2025ء) آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کی جانب سے آپریشن ”بنیان مرصوص“ کی کامیابی پر یوم تشکر کے حوالے سے پرچم کشائی کی تقریب کا انعقاد جون ایلیا لان میں کیاگیا۔ تقریب کا مقصد افواجِ پاکستان سے اظہارِ یکجہتی اور انہیں خراجِ تحسین پیش کرنا تھا۔ تقریب کا آغاز قومی ترانے سے کیاگیا، یومِ تشکر پر صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ نے گورننگ باڈی اراکین کے ہمراہ پاکستانی پرچم بلند کیا جبکہ تقریب میں آرٹس کونسل کے ممبران، طلباءسمیت ملازمین کی بڑی تعداد موجود تھی۔

آرٹس کونسل کی فضاء”پاکستان زندہ باد“ کے نعروں سے گونج اٹھی۔اس موقع پر صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ نے کہاکہ آج پورے پاکستان میں یوم تشکر منایا جا رہا ہے، شہداءکی یادگاروں پر پھول چڑھائے جا رہے ہیں،ایک خوفناک لڑائی جو دشمن نے ہم پر مسلط کی تھی،اس میں ہم سرخرو رہے، جو جنگ دشمن نے شروع کی تھی اس کو اللہ کی مدد سے پاکستان کی پاک فضائیہ، آرمی اور نیوی نے مل کر ختم کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ ہم سے سات گنا بڑے دشمن کو پاکستان کی آرمی، پاک فضائیہ اور نیوی نے منہ توڑ جواب دیا، یہ قابل فخر کارنامہ ہے ،ہم نے پوری دنیا کو یہ پیغام دیا ہے کہ ہم امن پسند لوگ ہیں، ہم اپنے ملک سے محبت کرتے ہیں جب بھی اس ملک پر حملہ ہو گا یہ پچیس کروڑ عوام ایک ہو کر اپنے ملک کا دفاع کرے گی۔

Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات