معرکہ حق کی تکمیل پر یوم تشکر ہماری افواج کی بہادری اور صلاحیتوں کے اعتراف کا دن ہے، صوبائی وزیر تعلیم

جمعہ 16 مئی 2025 21:30

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 مئی2025ء) صوبائی وزیر تعلیم رانا سکندر حیات کی ہدایت پر پنجاب کے تمام پبلک سکولوں، کالجوں، یونیورسٹیوں میں یوم تشکر کی مناسبت سے خصوصی تقاریب منعقد ہوئیں۔ تقریبات میں طلباء نے بھرپور جوش و خروش کا مظاہرہ کیا اور پاک افواج کو زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہوئے ان کے شانہ بشانہ ملکی سالمیت کیلئے کردار ادا کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔

اس موقع پر مختلف تقاریب سے خطاب کرنے کے علاوہ اپنے ایک ویڈیو پیغام میں وزیر تعلیم نے کہا کہ معرکہ حق کی تکمیل پر یوم تشکر ہماری افواج کی بہادری اور صلاحیتوں کے اعتراف کا دن ہے جن کی منصوبہ بندی کی بدولت حالیہ پاک بھارت جنگ مختصر دورانیہ کی تاریخ ساز جنگ قرار پائی۔ یہ جنگ بھارت کو برسوں کا غرور توڑ کر اسے اس کی اوقات میں واپس لائی۔

(جاری ہے)

ہندو بنئے کی مکاری اور جھوٹا پروپیگنڈا بھی اس کے کام نہ آ سکا۔ جی سی یونیورسٹی میں یوم تشکر کی مناسبت سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مزید کہا کہ مسلم لیگ ن کی تاریخ 10 مئی اور 28 مئی جیسے جرات مندانہ فیصلوں کے گرد گھومتی ہے۔ نواز شریف اور شہباز شریف کی قیادت میں مسلم لیگ( ن )نے تمام طاقتوں سے بے پرواہ ہوکر 10 مئی اور 28 مئی کو تاریخ رقم کی۔

اب کی مرتبہ بھی افواج پاکستان نے بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیتے ہوئے جو سبق پڑھایا اس کی گونج پوری دنیا میں سنی گئی۔ وزیر تعلیم نے کہا کہ حالیہ جنگ، دشمن کی چال اور پاکستان کے جواب سے لے کر تاریخ کا ایک نیا باب رقم کرنے تک مشتمل تھی۔ ہماری رقم کردہ تاریخ نصاب میں شامل ہو کر ہمیشہ کیلئے زندہ ہو گئی۔انہوں نے کہا کہ مکار دشمن کے جدید ہتھیاروں نے اسے دھوکہ دیا اور دنیا بھر میں پاکستان نے بھارت کو تماشہ بنا دیا۔ وزیر تعلیم نے مزید کہا کہ تاریخ ہتھیاروں کی تعداد نہیں بلکہ حوصلوں کی بلندی سے بنتی ہے۔ میدان عمل میں صرف ہتھیار نہیں، جذبہ اور عزم بھی لازم ہوتا ہے مگر ہمارا دشمن بھارت حوصلے، جذبے اور عزم جیسی نعمتوں سے محروم ہے۔