Live Updates

وزیر خزانہ سے امریکی بزنس کونسل کے وفد کی ملاقات ،اصلاحات اور تمام شعبوں میں منصفانہ ٹیکسیشن کے عزم کا اعادہ

فریقین کااقتصادی چیلنجز سے نمٹنے اور تجارت و سرمایہ کاری کے نئے مواقع پیدا کرنے کیلئے باہمی روابط مضبوط کرنے پر اتفاق

جمعہ 16 مئی 2025 22:20

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 مئی2025ء)وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب سے جمعہ کووزارت خزانہ میں امریکن بزنس کونسل(اے بی سی)کے ایک وفد سے ملاقات کی۔وفد کی قیادت اے بی سی کے صدرکامران عطا اللہ خان نے کی جبکہ اس میں پاکستان میں کام کرنے والی معروف امریکی کمپنیوں کے سینئر ایگزیکٹوز شامل تھے۔ وزارت خزانہ اور ایف بی آر کے سینئر افسران بھی اجلاس میں موجود تھے۔

وزیر خزانہ نے واشنگٹن میں حالیہ دورے اور آئی ایم ایف کے اسپرنگ اجلاسوں میں شرکت کے بارے میں تفصیلات سے آگاہ کیا،جہاں انہوں نے اور ان کی ٹیم نے یو ایس-پاکستان بزنس کونسل کے ساتھ مفید بات چیت کی۔ انہوں نے پاکستان کی اقتصادی ترقی میں امریکی کاروباری اداروں کے دیرینہ کردار کو سراہتے ہوئے کہاکہ پاکستان میں امریکی سرمایہ کاری کا دائرہ اور گہرائی نہایت اہمیت کی حامل ہے اور ہم اس شراکت کو مزید وسعت دینے کے خواہاں ہیں۔

(جاری ہے)

اے بی سی کے وفد نے متعدد تجاویز پیش کیں اور مختلف شعبوں سے متعلق خدشات کا اظہار کیا۔ وزیر خزانہ نے ان تجاویز کا خیر مقدم کرتے ہوئے بجٹ تجاویز بروقت جمع کروانے کی اہمیت پر زور دیا اور کہاکہ بات چیت صرف بجٹ سیزن تک محدود نہیں ہونی چاہیے بلکہ اس کا تسلسل برقرار رہنا چاہیے۔ انہوں نے بتایاکہ حکومت ایک بہتر اور قابل پیشگوئی پالیسی ماحول قائم کرنے کیلئے کوشاں ہے، جس کے تحت ٹیکس پالیسی آفس کو مضبوط بنانے اور مستقل مشاورت کیلئے ایک ایڈوائزری پینل تشکیل دینے کی کوششیں جاری ہیں۔

پاکستان میں معاشی استحکام پر روشنی ڈالتے ہوئے سینیٹر اورنگزیب نے اعادہ کیا کہ حکومت اصلاحاتی عمل کو مکمل طور پر جاری رکھنے کیلئے پرعزم ہے۔ انہوں نے کہاکہ اگر پاکستان نے معاشی اتار چڑھا سے نکل کر آئی ایم ایف کے 25ویں پروگرام سے بچنا ہے تو مستقل اصلاحات ناگزیر ہیں۔وزیر خزانہ نے قومی محصولات میں رسمی شعبے کے اہم کردار کو تسلیم کیا۔

انہوں نے ٹیکس نیٹ کو وسعت دینے، تمام شعبوں میں موثر نفاذ یقینی بنانے اور باقاعدگی سے ٹیکس دینے والوں پر بوجھ کم کرنے کے حکومتی عزم پر زور دیا۔ انہوں نے کہاکہ سپلائی اور ویلیو چین میں کسی بھی قسم کی لیکیج کی کوئی گنجائش نہیں ہو گی،ہمارا ہدف معیشت کو مکمل ڈیجیٹائزیشن اور ایف بی آر اصلاحات کے ذریعے رسمی بنانا ہے اور اس مقصد کیلئے ایف بی آر کے آئی ٹی وِنگ میں بہترین ماہرین کام کر رہے ہیں۔

صلاحیت سازی کے ضمن میں سینیٹر اورنگزیب نے کہاکہ اصلاحاتی منصوبوں کے لیے مالی وسائل دستیاب ہیں، اب ضرورت حکمت عملی اور تکنیکی مہارت کی ہے۔ انہوں نے کہاکہ کچھ شعبوں میں ہمیں سرمایہ سے زیادہ مہارت درکار ہے اور ہم اس سلسلے میں تعاون کا خیر مقدم کرتے ہیں۔وفد نے کھلے انداز میں بات چیت پر وزیر خزانہ کا شکریہ ادا کیا اور حکومت کے ساتھ قریبی تعاون کے عزم کا اعادہ کیا۔ ملاقات خوشگوار ماحول میں اختتام پذیر ہوئی اور دونوں فریقین نے اقتصادی چیلنجز سے نمٹنے اور تجارت و سرمایہ کاری کے نئے مواقع پیدا کرنے کیلئے باہمی روابط مضبوط کرنے پر اتفاق کیا۔
Live بجٹ 26-2025ء سے متعلق تازہ ترین معلومات