بلوچستان میں کیڈٹ کالجز معیاری تعلیم، ڈسپلن اور امید کی روشنی ہیں ،گورنر جعفرخان مندوخیل

جمعہ 16 مئی 2025 23:10

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 مئی2025ء) گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا کہ بلوچستان میں کیڈٹ کالجز معیاری تعلیم، ڈسپلن اور امید کی روشنی ہیں جو بہترین تعلیمی قابلیت، کردار سازی اور اعلیٰ ا خلاقیات کو فروغ دے رہے ہیں جن کے بہترتعلیمی ماحول اور اساتذہ کی لگن اور محنت کو دیکھ کر بہت خوشی ہوئی،ضروری ہے کہ تمام کیڈٹ کالجز بالخصوص گرلز کیڈٹ کالج کوئٹہ کی اعلیٰ کارکردگی کو زیادہ سے زیادہ اجاگر کیا جائے، نئی نسل کی پوشیدہ صلاحیت و قابلیت میں نکھار پیدا کرنے کیلئے علم و دانش کے نئے راستے کھولنا اور انہیں معاشرے کے غریب ترین طلبہ کیلئے قابل رسائی بنانا اشد ضروری ہے،ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کوصوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں گرلز کیڈٹ کالج کوئٹہ کے دورے کے موقع پر کیا، اس موقع گرلز کیڈٹ کالج کے پرنسپل بریگیڈیئر مرزا فیصل، ایڈیشنل سیکرٹری ہائیر ایجوکیشن عبدالمالک اچکزئی اور ڈائریکٹر کالجز محمد حسین بھی موجود تھے، گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا کہ بلوچستان میں کیڈٹ کالجز معیاری تعلیم، ڈسپلن اور امید کی روشنی ہیں جو بہترین تعلیمی قابلیت، کردار سازی اور اعلیٰ اخلاقیات کو فروغ دے رہے ہیں، یہاں بہتر تعلیمی ماحول اور اساتذہ کی لگن اور محنت کو دیکھ کر بہت خوشی ہوئی،ضروری ہے کہ تمام کیڈٹ کالجز بالخصوص گرلز کیڈٹ کالج کوئٹہ کی اعلیٰ کارکردگی کو زیادہ سے زیادہ اجاگر کیا جائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ تعلیم اور تربیت ایک دوسرے کیلئے لازم و ملزوم ہیں اور دونوں کے اشتراک سے ہی نئی نسل کے کردار اور شخصیت کی تعمیر جا سکتی ہے۔ یہ بات خوش آئند ہے کہ گرلز کیڈٹ کالج جدید تعلیم اور مناسب تربیت کا بہترین امتزاج پیش کرتا ہے جو مسقبل کے لیڈروں کی تشکیل کرتا ہے، گورنر بلوچستان نے کوئٹہ گرلز کیڈٹ کالج کے پرنسپل، فیکلٹی اور عملہ کی شعوری کاوشوں کو سراہا اورمتعلقہ اساتذہ کو تمام ضروری سہولیات فراہم کرنے اور ان کے استعداد کار میں مزید اضافہ کیلئے اقدامات اٹھانے کی ہدایات کی ،قبل ازیں گورنر بلوچستان نے گرلز کیڈٹ کالج کے مختلف حصوں کا معائنہ کیا اور کیڈٹس کے تیار کردہ فن پاروں، مجسموں اور سائنٹفک ماڈلز کو لائقِ تحسین قرار دیا۔