Live Updates

تربت میں یوم تشکر قومی جوش و جذبے سے منایا گیا

جمعہ 16 مئی 2025 23:20

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 مئی2025ء) ملک بھر کی طرح ضلع کیچ کے ہیڈکوارٹر تربت میں بھی آج یوم تشکر نہایت عقیدت اور قومی جوش و جذبے سے منایا گیا۔ اس موقع پر بھارتی جارحیت کے خلاف بھرپور مذمت اور افواجِ پاکستان سے یکجہتی کے اظہار کے لیے ضلعی انتظامیہ کیچ اور ڈسٹرکٹ پولیس کے اشتراک سے ڈپٹی کمشنر آفس تربت میں پرچم کشائی کی ایک پروقار تقریب منعقد کی گئی۔

تقریب کا آغاز قومی ترانے سے ہوا، جس کے بعد پاکستان کا قومی پرچم فضا میں بلند کیا گیا۔ اس موقع پر بلوچستان پولیس کے چاک و چوبند دستے نے شاندار مارچ پاسٹ کا مظاہرہ کیا، جس نے شرکاء کے دلوں میں وطن سے محبت کے جذبے کو مزید مضبوط کیا ۔ ضلعی افسران، پولیس حکام، قبائلی عمائدین، نوجوانوں اور سول سوسائٹی کے نمائندگان کی بڑی تعداد نے تقریب میں شرکت کی اور قومی یکجہتی کے عزم کا اظہار کیا ۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر کیچ بشیر احمد بڑیچ کیچ نے اس موقع پر کہا کہ یوم تشکر ہمیں یاد دلاتا ہے کہ قوم جب متحد ہو تو کوئی طاقت اس کا مقابلہ نہیں کر سکتی۔ آج کا دن افواجِ پاکستان کے شجاع سپاہیوں کو خراجِ تحسین پیش کرنے اور اپنی قومی یکجہتی کو مضبوط بنانے کا دن ہے ۔ تقریب کے اختتام پر شہداء کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی گئی اور ملک کی سلامتی و خوشحالی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا گیا۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات