Live Updates

شاہ محمود قریشی کے دل میں اچانک شدید تکلیف، جیل سے ہسپتال منتقل

طبیعت نہ سنھبلنے پر پاکستان تحریک انصاف کے رہنماء کو ریسکیو 1122 کے ذریعے پی آئی سی منتقل کیا گیا

Sajid Ali ساجد علی ہفتہ 17 مئی 2025 11:24

شاہ محمود قریشی کے دل میں اچانک شدید تکلیف، جیل سے ہسپتال منتقل
لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 17 مئی2025ء ) پاکستان تحریک انصاف کے رہنماء اور سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کو دل میں تکلیف کے باعث جیل سے پی آئی سی منتقل کر دیا گیا۔ شاہ محمود قریشی کے وکیل رانا مدثر ایڈووکیٹ کے مطابق سابق وزیر خارجہ کو دل میں تکلیف کی وجہ سے جیل سے پنجاب اسنٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی منتقل کیا گیا ہے، رہنما پی ٹی آئی شاہ محمود قریشی کو نماز فجر کے بعد پی آئی سی منتقل کیا گیا، دل میں تکلیف شروع ہونے کے بعد طبیعت نہ سنھبلنے پر شاہ محمود قریشی کو ریسکیو 1122 کے ذریعے پی آئی سی منتقل کیا گیا جہاں سابق وزیر خارجہ کے مختلف ٹیسٹ کیے جا رہے ہیں، جیل انتظامیہ کی جانب سے شاہ محمود قریشی کے اہل خانہ کو بھی اطلاع دے دی گئی۔

اس حوالے سے تصدیق کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی کے صاحبزادے رکن قومی اسمبلی زین حسین قریشی نے بتایا کہ آج صبح میرے والد مخدوم شاہ محمود قریشی کی طبیعت ناساز ہوئی تو جیل میں موجود ڈاکٹرز نے ان کا فوری معائنہ کیا جس کے بعد انہیں پنجاب انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی منتقل کیا گیا، ڈاکٹرز نے مزید چند دنوں تک انہیں زیرِ نگرانی رکھنے کا فیصلہ کیا ہے، قوم سے گزارش ہے کہ ان کی مکمل صحتیابی کے لیے دعا فرمائیں۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ پی ٹی آئی رہنماء شاہ محمود قریشی مختلف مقدمات کی وجہ سے جیل میں قید ہیں، چند روز قبل کوٹ لکھپت جیل سے عوام کے نام خط میں انہوں نے لکھا کہ پیارے پاکستانیوں! میں یہ خط کوٹ لکھپت جیل کی قید سے لکھ رہا ہوں جہاں میں قید ہوں لیکن میری روح پاکستان سے وفاداری میں غیر متزلزل اور اٹل ہے، گزشتہ چند دنوں کے واقعات نے ایک بار پھر دشمنی کو بے نقاب کیا، بھارت نے بغیر ثبوت اور جواز کے غیرمصدقہ دعوؤں کی آڑ میں اپنی غیر قانونی اور اشتعال انگیز کارروائیاں کیں، پاکستان نے اس دشمنی کے مقابلے میں پختگی، تحمل اور اخلاقی برتری کا مظاہرہ کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ مصیبت کے وقت سچی قوموں کی آزمائش ہوتی ہے اور سچی قومیں اٹھتی ہیں، پاکستان نے دنیا کو ایک بار پھر دکھایا کہ ہم کمزور نہیں، منقسم نہیں اور ڈرنے والے نہیں، پاکستان اور بھارت نے جنگ بندی اور آگے بڑھنے کے راستے پر بات کرنے کے لیے ملاقات پر اتفاق کیا ہے، میں داخلی سیاسی جنگ بندی پر زور دیتا ہوں تاکہ پاکستان کو درپیش چیلنجوں پر قومی مکالمہ شروع کیا جائے اور ہمارے گھر کو ترتیب دیا جائے، ہماری عوام زندہ باد، ہماری مادر وطن زندہ باد، پاکستان زندہ باد۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات