پنجاب میں سورج زمین پر اتر آیا، لاہور سمیت بڑے شہروں میں جھلسا دینے والی گرمی

ہفتہ 17 مئی 2025 22:36

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 مئی2025ء) صوبائی دارالحکومت لاہور سمیت پنجاب کے بیشتر علاقے شدید گرمی کی لپیٹ میں آ گئے جہاں درجہ حرارت روز بروز خطرناک حد تک بڑھتا جا رہا ہے،سورج کی تپش نے بڑے شہروں سمیت بیشتر علاقوں میں عوام کو بے حال کردیا ۔محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور، فیصل آباد، ملتان، بہاولپور اور دیگر میدانی علاقے اس وقت شدید موسمی دبائو کا سامنا کر رہے ہیں۔

سورج آگ برسا رہا ہے اور گرمی کے اثرات معمول سے کہیں زیادہ محسوس کیے جا رہے ہیں۔پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم ای)نے شہریوں کو ہیٹ ویو کے خطرات سے خبردار کر دیا ہے۔ ادارے کے ترجمان کے مطابق 19مئی تک درجہ حرارت میں نمایاں اضافے کا خدشہ ہے۔ماہرین کی جانب سے پیش گوئی کی گئی ہے کہ 20مئی تک درجہ حرارت معمول سے 4سے 7ڈگری سینٹی گریڈ تک زیادہ رہ سکتا ہے۔

(جاری ہے)

لاہور میں درجہ حرارت کی کم سے کم سطح 28ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کی گئی جبکہ زیادہ سے زیادہ 44ڈگری تک پہنچنے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چند روز موسم میں کسی بہتری کی توقع نہیں۔ گرمی کی شدت برقرار رہے گی اور بارش کا کوئی امکان نہیں، جس سے شہریوں کی مشکلات میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے۔موسمیات اور طبی ماہرین نے عوام کو سخت احتیاط برتنے کا مشورہ دیا ہے۔

دھوپ میں نکلنے سے گریز، سر کو کپڑے یا ٹوپی سے ڈھانپنے، پانی اور مشروبات کے استعمال میں اضافہ اور دن کے گرم ترین اوقات میں غیر ضروری سرگرمیوں سے پرہیز کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ماہرین کا کہنا ہے کہ گرمی کی یہ لہر نہ صرف جسمانی تکلیف کا سبب بن سکتی ہے بلکہ شدید صورت میں جان لیوا بھی ثابت ہو سکتی ہے، خصوصا بچوں، بزرگوں اور بیمار افراد کے لیے احتیاط ناگزیر ہے۔شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ ہیٹ ویو الرٹس پر نظر رکھیں اور پی ڈی ایم اے و محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری ہدایات پر عمل کریں تاکہ ممکنہ نقصان سے بچا جا سکے۔