Live Updates

22برس سے کوٹ بھلوال جیل میں نظر بند کشمیر ی ایوب میر معدے کے کیسنر میںمبتلا

حریت کانفرنس کی نظر بندوںکیساتھ روا رکھے جانیوالے غیر انسانی سلوک کی مذمت

ہفتہ 17 مئی 2025 22:50

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 مئی2025ء)بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموںوکشمیر میں جموں کی کوٹ بھلوال جیل میں عمر قید کی سزا کاٹنے والے 63 سالہ نظربند محمد ایوب میر کی صحت انتہائی گرچکی ہے ،وہ معدے کے کینسر میں مبتلا ہیں ۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق سرینگر کے علاقے صدر بل کے رہائشی محمد ایوب میر حق خود ارادیت کی جدوجہد کی پاداش میں گزشتہ 22برس سے جیل میں ہیں ۔

پہلے وہ سینٹرل جیل سرینگر میں بند تھے ، بعدازاں انہیں کوٹ بھلوال جیل جموں منتقل کیا گیا۔ کشمیری نظر بندوں کے تئیں جیل انتظامیہ کے انتہائی سخت رویے کے سبب ایوب میر کی صحت تیز ی سے گررہی ہے ۔ ذرائع نے کے ایم ایس کو بتایا کہ کوٹ بھلوال جیل کے میڈیکل آفیسر ڈاکٹر پیلی تھاما اپنے انتہا پسند نظریے کے حوالے سے مشہور ہیں اور وہ کشمیری سیاسی قیدیوں کی طبی ضروریات کو مسلسل نظر انداز کر رہے ہیں جسکی وجہ سے نظر بندیوں کی زندگی شدید خطرے سے دوچار ہے۔

(جاری ہے)

بھارت نے حریت رہنمائوں ، کارکنو ں سمیت 5ہزار سے زائد کشمیریوں کو جیلوں اور عقوبت خانوںمیں نظر بند کر رکھا ہے جہاں انہیں تمام بنیادی سہولیات سے محروم رکھا گیا ہے ۔ نظر بندوں کو غیر معیاری غذا فراہم کی جاتی ہے اور انہیں مناسب طبی سولیات میسر نہیں جسکی کی وجہ سے اکثر نظربند خطرناک عوارض میں مبتلا ہو چکے ہیں۔دریں اثناکل جماعتی حریت کانفرنس کے تر جمان ایڈووکیٹ عبدالرشید منہاس نے سری نگر میں ایک بیان میں کشمیری سیاسی نظربندوں کے ساتھ روا رکھے جانے والے غیر انسانی سلوک کی شدید مذمت کی ہے۔

انہوںنے محمد ایوب میر کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ بھارت اوچھے ہتھکنڈوں کے ذریعے نظربندوں کے عز م وہمت کو توڑنا چاہتا ہے ۔انہوں نے اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیموں سے مطالبہ کیا کہ وہ نظر بندوں کی حالت زار کا جائز لینے کیلئے فوری طور پر کوٹ بھلوال جیل اور دیگر بھارتی جیلوں کا دورہ کریں۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات