قصر الوطن میں اماراتی صدر کا امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے اعزاز میں پرتپاک استقبال

اتوار 18 مئی 2025 00:53

قصر الوطن میں اماراتی صدر کا امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے اعزاز میں پرتپاک ..
ابوظہبی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 18 مئی 2025ء)متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان نے قصر الوطن، ابوظبی میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا شاندار استقبال کیا۔ صدر ٹرمپ متحدہ عرب امارات کے سرکاری دورے پر ہیں، اور ان کے اعزاز میں ایک رسمی استقبالیہ تقریب منعقد کی گئی۔ قصر الوطن پہنچنے پر صدر ٹرمپ کے قافلے کا استقبال گھڑ سوار اعزازی گارڈ اور اونٹوں پر سوار روایتی جلوس سے کیا گیا، جبکہ اماراتی لوک فنکاروں نے خصوصی پرفارمنس پیش کر کے مہمان صدر کو خوش آمدید کہا۔

تقریب میں خلائی کیمپوں سے تعلق رکھنے والے نمایاں طلبہ، خلاباز اور خلائی مشن کے انجینئرز بھی شریک تھے، جو یو اے ای کی ترقی کے سفر میں مختلف طبقات کی شرکت کا مظہر ہے۔ صدر شیخ محمد بن زاید نے امریکی صدر کو اعزازی اسٹیج پر لے جا کر دونوں ممالک کے قومی ترانے بجوائے، اس موقع پر 21 توپوں کی سلامی بھی دی گئی۔

(جاری ہے)

بچوں کے گروپ دونوں ممالک کے جھنڈے تھامے موجود تھے اور انہوں نے مہمان صدر کے اعزاز میں خوشی کا اظہار کیا۔

صدر ٹرمپ نے "گائیڈیڈ بائے دی اسٹارز" نامی نمائش کا دورہ بھی کیا، جو یو اے ای کے خلائی سفر اور بانی قائد شیخ زاید بن سلطان النہیان کی خلائی تحقیق میں دلچسپی کو اُجاگر کرتی ہے۔ ابوظبی شہر کو اس موقع پر امریکی پرچموں اور خیر مقدمی بینرز سے سجایا گیا، خاص طور پر صدارتی ہوائی اڈے سے قصر الوطن تک کے راستے پر خصوصی تزئین و آرائش کی گئی تھی۔

استقبالیہ تقریب میں نائب صدر اور صدارتی عدالت کے چیئرمین شیخ منصور بن زاید، ولی عہد ابوظبی شیخ خالد بن محمد، ولی عہد دبئی شیخ حمدان بن محمد، قومی سلامتی کے مشیر شیخ طحنون بن زاید، وزیر خارجہ شیخ عبداللہ بن زاید، اور دیگر اعلیٰ حکام بھی شریک تھے۔ صدر ٹرمپ کے ہمراہ امریکہ کے وزرا اور اعلیٰ سطحی حکومتی وفد کے اراکین موجود تھے۔ یہ دورہ دونوں ممالک کے درمیان بڑھتے ہوئے سفارتی، اقتصادی اور سائنسی تعلقات کی عکاسی کرتا ہے۔