Live Updates

ڈاکٹر بخت روان کی بطور ڈیپارٹمنٹ چیئرمین تقرری سے میڈیا ایجوکیشن میں تحقیق کے نئے دروازے کھلیں گے،صدر پریپ

اتوار 18 مئی 2025 15:50

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 مئی2025ء) پبلک ریلیشنز ایسوسی ایشن آف پاکستان (پریپ) کی جانب سے علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے شعبہ ابلاغ عامہ کے نئے چیئرمین کے طور پر ڈاکٹر بخت روان کی تقرری کا خیرمقدم کرتے ہوئے پریپ کے صدر محمد ارشد نے ڈاکٹر بخت روان کو مبارکباد دی اور ان کی تدریسی، تحقیقی اور صحافتی شعبوں میں طویل خدمات کو سراہا۔

انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر روان کو وسیع تجربہ اور محنت کی وجہ سےانہیں میڈیا اور تعلیم کے حلقوں میں بے حد احترام کی نظر سے دیکھا جاتا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ڈاکٹر بخت روان کی قیادت پاکستان میں پبلک ریلیشنز ایجوکیشن کے لیے ایک انقلابی لمحہ ثابت ہوگی۔ ان کی تقرری سے تعلیمی معیار، تحقیق اور اختراع کا نیا دور شروع ہونے کی توقع ہے۔

(جاری ہے)

محمد ارشد نے پریپ اور علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے درمیان مستقبل میں قریبی اشتراک کی امید ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ اس تعاون سے پبلک ریلیشنز ایجوکیشن کو عصری تقاضوں اور عالمی معیار سے ہم آہنگ کرنے میں مدد ملے گی۔

انہوں نے کہا کہ ہم علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے ساتھ مل کر جدید پی آر حکمت عملیوں، مہارتوں کی ترقی، اور انڈسٹری کے تقاضوں سے ہم آہنگ میڈیا پروفیشنلز کی تیاری کے لیے متحرک شراکت کے خواہاں ہیں۔واضح رہے کہ1986میں علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی میں قائم ہونے والا یہ شعبہ ابلاغ عامہ گریجویٹس تیار کرنے کے لیے مشہور ہے جنہوں نے قومی و بین الاقوامی میڈیا میں نمایاں کردار ادا کیا ہے۔پریپ کے صدر نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ان کی تنظیم ڈاکٹر بخت روان اور ان کی ٹیم کو پبلک ریلیشنز کے ایک اہم پیشہ ور شعبے کے طور پر فروغ دینے میں مکمل تعاون فراہم کرے گی تاکہ پاکستان کے بدلتے ہوئے میڈیا منظرنامے میں مثبت کردار ادا کیا جا سکے۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات