پشاوراورگردنواح میں تیز آندھی اورطوفان،ہلکی بارش سے موسم خوشگوار

سائن بورڈ اوردرخت گرنے سے گیارہ افراد زخمی،طوفان کے بعد مختلف علاقوں کی بجلی بند

اتوار 18 مئی 2025 20:45

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 مئی2025ء)پشاوراورگردنواح میں تیز آندھی اورطوفان،ہلکی بارش سے موسم خوشگوار،سائن بورڈ اوردرخت گرنے سے گیارہ افراد زخمی،طوفان کے بعد مختلف علاقوں کی بجلی بھی غائب ہوگئی ۔ پشاوراورگردنواح میں تیز آندھی اورطوفان کے ساتھ ہلکی بارش ہوئی جس سے گرمی کازور ٹوٹ گیا،تاہم طوفان کے باعث کئی علاقوں میں سائن بورڈ اوردرخت گرنے سے پانچ افراد زخمی ہوئے۔

درخت گرنے سے کئی علاقوں کی بجلی بھی بند ہوگئی ہے،طوفان کے باعث افغان کالونی اوربیگم شہاب الدین گرلزسکول کے اطراف میں درخت گرگئے، فغان کالونی میں 2 خواتین معمولی زخمی ہیں، تحصیل کے قریب درخت گرنے سے بھی کئی افراد زخمی ہوگئے،ریسکیو کی ٹیمیں نے مختلف علاقوں میں ریسکیو اپریشن شروع کردیا ہے۔

(جاری ہے)

ریسکیو1122 پشاور کو آندھی اور طوفان کے باعث اب تک افغان کالونی، اسد انور کالونی، رانو گھڑی میں چھت و دیوار گرنے اور سول کوارٹر، بیگم شہاب الدین گرلز سکول تحصیل کے قریب درخت گرنے کی اطلاعات موصول ہوئیں، اب تک 5 افراد زخمی ہوئے جنہیں طبی امداد فراہم کرکے ہسپتال منتقل کیا گیا ہے ۔

نوشہرہ اور گردونواح میں اچانک آنے والے شدید طوفان کے باعث مختلف حادثات میں خاتون سمیت 6 افراد شدید زخمی ہو گئے۔ ریسکیو 1122 کی ٹیموں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد فراہم کی اور بعد ازاں قاضی میڈیکل کمپلیکس منتقل کر دیا۔