اسلام آباد میں مارگلہ کی پہاڑیوں پر آگ بھڑک اٹھی

تیز ہواؤں کے دباؤ کے باعث آگ پر قابو پانے میں مشکلات پیش آ رہی ہیں؛ ترجمان وائلڈ لائف

Sajid Ali ساجد علی پیر 19 مئی 2025 14:15

اسلام آباد میں مارگلہ کی پہاڑیوں پر آگ بھڑک اٹھی
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 19 مئی 2025ء ) وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں مارگلہ کی پہاڑیوں پر آگ بھڑک اٹھی۔ تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں واقع مارگلہ کی پہاڑیوں میں واقع ایم ایف 14 کے علاقے میں آج اچانک آگ بھڑک اٹھی جس نے جنگل کی جھاڑیوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا، اس حوالے سے ترجمان وائلڈ لائف نے بتایا کہ آگ سیدپور درہ، جنگل نمبر 15 اور روملی کے قریب پھیلی ہوئی ہے، وائلڈ لائف کے عملے نے فوری طور پر امدادی کارروائیاں شروع کر دی ہیں تاہم تیز ہواؤں کے دباؤ کے باعث آگ پر قابو پانے میں مشکلات پیش آ رہی ہیں۔

ترجمان وائلڈ لائف کا کہنا ہے کہ اضافی عملہ بھی موقع پر پہنچا دیا گیا ہے تاکہ آگ کو مزید پھیلنے سے روکا جاسکے، اس مقصد کے لیے فائر فائٹنگ ٹیمیں اور وائلڈ لائف کے اہلکار صورتحال پر قابو پانے کے لیے پوری کوشش کر رہے ہیں، اس صورتحال میں شہریوں سے اپیل کی جاتی ہے کہ وہ علاقے سے دور رہیں اور کسی بھی مشکوک سرگرمی کی فوری اطلاع دیں۔

(جاری ہے)

بتایا جارہا ہے کہ گرمی کی شدت بڑھنے کی وجہ سے پہاڑوں پر آگ لگنے کے واقعات رونما ہورہے ہیں جب کہ محکمہ موسمیات نے ملک بھر میں ہیٹ ویو الرٹ بھی جاری کیا ہوا ہے، اس ضمن میں کہا گیا ہے کہ 20 مئی تک ملک کے بڑے حصوں میں ہیٹ ویو آنے کا امکان ہے، اس دوران جنوبی پنجاب، سندھ اور بلوچستان میں درجہ حرارت اوسط سے 4 سے 6 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ رہنے کا امکان ہے جب کہ بالائی پنجاب، خیبرپختونخواہ، کشمیر اور گلگت بلتستان میں اوسط سے 5 سے 7 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ رہنے کی توقع ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ زیادہ گرمی سے پہاڑوں پر برف پگھلنے کا عمل تیز ہو جائے گا، تاہم ہیٹ ویو کی وجہ سے بچوں، خواتین اور بزرگوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا مشورہ دیا جاتا ہے، کسانوں کو بھی مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ اپنے مویشیوں کو معمول سے زیادہ درجہ حرارت سے بچائیں، تاہم اس کے ساتھ ہی محکمہ موسمیات نے اسلام آباد، کشمیر اور گلگت بلتستان میں 19 مئی اور 20 مئی کو ژالہ باری کے ساتھ بارش کی بھی پیشگوئی کی ہے۔