چینی کمپنی سندھ میں الیکٹرک گاڑیوں کیلئے چارجنگ پوائنٹس نصب کرنے پر آمادہ

سندھ کے تمام اضلاع میں ہر پچاس کلومیٹر پر ایک ای وی چارجنگ اسٹیشن قائم کیا جائے گا، شرجیل انعام میمن غریب خاندانوں کو سولر سسٹم دیئے جارہے ہیں گھروں کے سولرائزیشن سے عام آدمی کے بجلی کی ضروریات باآسانی پوری ہو سکیں گی،ناصر حسین شاہ

پیر 19 مئی 2025 14:36

چینی کمپنی سندھ میں الیکٹرک گاڑیوں کیلئے چارجنگ پوائنٹس نصب کرنے پر ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 مئی2025ء)سینئر وزیر سندھ شرجیل انعام میمن اور وزیر توانائی سید ناصر حسین شاہ نے چین میں چیری ہیڈکوارٹر ووہو کا دورہ کیا، جہاں چینی کمپنی چیری ہولڈنگز گروپ نے سندھ بھر میں الیکٹرک گاڑیوں(ای وی)کے لیے چارجنگ پوائنٹس نصب کرنے پر آمادگی ظاہر کر دی۔دورے کے دوران چیری کے چیئرمین این توگیو نے پاکستانی وزرا کا پرتپاک استقبال کیا۔

اجلاس میں طے پایا کہ سندھ کے تمام اضلاع میں ہر 50 کلومیٹر پر ایک ای وی چارجنگ اسٹیشن قائم کیا جائے گا۔سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا کہ چارجنگ اسٹیشنز سے ای وی موٹر سائیکل، کار اور ٹرک رکھنے والوں کو بہت فائدہ ہوگا۔ سندھ میں ٹرانسپورٹ نظام جدید ہو رہا ہے اور ہمارا ویژن ماحول دوست ٹیکنالوجی کو فروغ دینا ہے۔

(جاری ہے)

شرجیل انعام میمن نے مزید کہا کہ چینی کمپنی کراچی میں ای وی منی ٹرکس کے لیے اسمبلنگ پلانٹ بھی قائم کر رہی ہے جس سے نہ صرف سستی گاڑیاں دستیاب ہوں گی بلکہ مقامی افراد کے لیے روزگار کے مواقع بھی پیدا ہوں گے۔

دورے کے دوران چینی کمپنی کی جانب سے سندھ کے دیہی علاقوں میں سولر انرجی کے منصوبوں پر بھی بھرپور تعاون کی یقین دہانی کروائی گئی۔وزیر توانائی سندھ ناصر حسین شاہ نے کہا کہ غریب خاندانوں کو سولر سسٹم دیئے جارہے ہیں گھروں کے سولرائزیشن سے عام آدمی کے بجلی کی ضروریات باآسانی پوری ہو سکیں گی۔ناصر حسین شاہ نے کہا کہ ان منصوبوں سے مقامی معیشت کو فروغ ملے گا روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے اور دیہی علاقوں کی سماجی و معاشی ترقی ممکن ہو سکے گی۔یہ شراکت داری سندھ میں ماحول دوست ٹیکنالوجی، قابل تجدید توانائی اور مقامی روزگار کے فروغ کے لیے ایک اہم پیش رفت ثابت ہو رہی ہے۔