ّلاہور، بیوی کو گلا دبا کر قتل کر کے لاش جلانے والا سفاک شوہر اور سوتن 12 گھنٹے میں گرفتار

گھریلو ناچاقی پر ملزم نے خاتون کو بے دردی سے قتل کیااور لاش کو جلا کر فرار ہوگیا تھا،ملزمان قانون کی گرفت سے بچنے کیلئے مختلف مقامات تبدیل کر رہے تھے ،ایس پی سٹی بلال احمد

Faisal Alvi فیصل علوی پیر 19 مئی 2025 15:03

ّلاہور، بیوی کو گلا دبا کر قتل کر کے لاش جلانے والا سفاک شوہر اور سوتن ..
لاہور(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔19 مئی 2025)لاہور میں بیوی کو گلا دبا کر قتل کر کے لاش جلانے والے سفاک شوہر اور سوتن کو 12 گھنٹے میں گرفتار کرلیا گیا، گھریلو ناچاقی پر ملزم نے خاتون کو بے دردی سے قتل کیا اور لاش کو جلا کر فرار ہوگیا تھا،ملزمان قانون کی گرفت سے بچنے کیلئے مختلف مقامات تبدیل کر رہے تھے تاہم ٹیکنیکل بنیاد پر کارروائی کرتے ہوئے انہیں پکڑ لیا گیا۔

افسوس ناک واقعے کی اطلاع ملتے ہی ڈپٹی انسپکٹر جنرل (ڈی آئی جی) آپریشنز لاہور فیصل کامران نے نوٹس لیا اور سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس پی) سٹی بلال احمد کی سربراہی میں ٹیم تشکیل دی۔ایس پی سٹی بلال احمد کے مطابق ملزم نذیر کی 20 سال قبل مقتولہ نجمہ سے شادی ہوئی تھی جس سے دو بیٹے ہیں۔ ملزم 3 سال قبل دوسری شادی کر کے کرائے کے گھر میں رہنے لگا تھا۔

(جاری ہے)

گھریلو ناچاقی پر ملزم نے خاتون کو بے دردی سے قتل کیا اور لاش کو جلا کر فرار ہوگیا تھا۔ایس پی سٹی بلال احمد کاکہنا ہے کہ انچارج چوکی سگیاں نعمان نے آپریشنز کی ٹیم کو لیڈ کیا فرسٹ انفارمیشن رپورٹ (ایف آئی آر) میں نامزد ملزمان نذیر اور اس کی دوسری بیوی کو 12 گھنٹوں کے اندر گرفتار کر لیا گیا۔دوسری جانب لاہور کے علاقے کوٹ کھپت میں فیکٹری میں کام کرنے والی خاتون ورکر کے قتل میں ملوث فیکٹری مالک کو بھی گرفتار کرلیا گیا۔

سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس پی) ماڈل ٹاون اخلاق اللہ تارڑ نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ مقتولہ آصف اقبال نامی شخص کے ٹیلرنگ یونٹ پر کام کرتی تھی۔ خاتون اپنے بھائی کے ساتھ آصف کے گھر پیسوں کا مطالبہ کرنے گئی۔ ملزم نے پہلے جھگڑا کیا اور بعد میں فائرنگ کر دی جس سے خاتون ہلاک ہوگئی تھی۔اخلاق اللہ تارڑ کے مطابق پولیس نے پیشہ ورانہ انداز میں ملزم کی مزاحمت کو ناکام بناتے ہوئے اسے گرفتار کر لیا پستول اور گولیاں برآمد کر لی گئی ہیں۔

تھانہ کوٹ لکھپت کے علاقے بابر چوک کے قریب 35 سالہ خاتون کو قتل کیا گیا تھا۔ فیکٹری کے مالک نے خاتون ورکر کو قتل کیا تھا، جس کی وجہ خاتون کی جانب سے پیسوں کا تقاضہ کرنا بتایا جاتا ہے۔ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ پولیس نے مقتولہ کے قتل کا مقدمہ اس کے والد اشرف کی مدعیت میں درج کر رکھا ہے۔ پولیس کی ٹیم گرفتاری کیلئے گئی تو ملزم گھر کے اندر سے مسلسل فائرنگ کرتا رہا تھا۔اخلاق اللہ تارڑ کے مطابق ملزم سے پستول اور گولیاں برآمد کر لی گئی ہیں جبکہ مزید تفتیش جاری ہے۔