Live Updates

پاکستان کی بہترین حکمت عملی ،عبرتناک بھارتی شکست کو وار کالجز نصاب میںپڑھایا جائیگا‘ ہمایوں اخترخان

پیر 19 مئی 2025 22:30

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 19 مئی2025ء) سابق وفاقی وزیر ہمایوں اختر خان نے کہا ہے کہ پاکستان سے حالیہ عبرتناک شکست کے بعد بھارت کو سبق سیکھنا چاہیے اور بھارت اب پاکستان پر دوبارہ جارحیت کی جرات نہیں کرسکے گا ،جنگ کے دوران پاکستان کی بہترین حکمت عملی اور بھارتی شکست کو دنیا کے وار کالجز میںنصاب کے طور پر پڑھایا جائے گا ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاک بھارت جنگ میں شہید ہونے والے حلقہ این اے 97 سے تعلق رکھنے والے ایس ایس جی کمانڈو عبد الرحمن کی رہائشگاہ پر جا کر اظہار تعزیت اور فاتحہ خوانی کے بعد گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ہمایوں اختر خان نے عبد الرحمن شہید کی قبر پر بھی حاضری دی ، پھول رکھے اور فاتحہ خوانی کی ۔ ہمایوں اختر خان نے کہا کہ عبد الرحمن شہید جیسے سپوت اس دھرتی کا فخر ہیں ، ہم شہدا ء کے خاندانوں کے ساتھ ہیں اور انہیں کسی صورت تنہا نہیں چھوڑیں گے۔

(جاری ہے)

ہمایوں اختر خان نے مختلف برادریوں کے عمائدین اور اہل علاقہ سے ملاقاتیں کر کے حلقے کے مسائل اور ان کے حل کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا ۔ ہمایوں اختر خان نے اپنی روایت کے مطابق حلقے میں انتقال کر جانے والوں کے گھروں میں جا کر اظہار تعزیت اور فاتحہ خوانی بھی کی۔ سابق وفاقی وزیر ہمایوں اختر خان نے کہا کہ بھارت کی عبرتناک شکست سے نہ صرف بی جے پی بلکہ نریندر مودی کی اپنی سیاست کو بڑا دھچکا لگا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو اب ماڈرن وار فیئر کے ذریعے خطے میں اپنی برتری کیلئے پیشرفت کرنی چاہیے اور اس کے ساتھ ساتھ سیاسی قیادت معیشت کو مزید بہتر کرنے پر توجہ مرکوز کرے ۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات