سی سی ڈی اور انٹرپول کی متحدہ عرب امارات میں کارروائی، 3خطرناک اشتہاری ملزمان گرفتار

گرفتار ملزمان گوجرانوالہ اور ٹوبہ ٹیک سنگھ پولیس کو قتل کے مختلف مقدمات میں مطلوب تھے، ترجمان سی سی ڈی

پیر 19 مئی 2025 22:35

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 مئی2025ء) کرائم کنٹرول ڈپارٹمنٹ (سی سی ڈی)اور انٹر پول نے متحدہ عرب امارات میں کامیاب کارروائی کرتے ہوئے قتل کے مقدمات میں مطلوب 3 انتہائی خطرناک اشتہاری ملزمان کو گرفتار کرلیا۔ترجمان سی سی ڈی نے بتایا کہ متحدہ عرب امارات سے گرفتار ملزمان میں آفتاب افضل، ارمان گورائیہ اور محمد امین شامل ہیں اور انہیں سی سی ڈی پنجاب اسپیشل آپریشنز سیل نے انٹر پول کی مدد سے گرفتار کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ گرفتار ملزمان گوجرانوالہ اور ٹوبہ ٹیک سنگھ پولیس کو قتل کے مختلف مقدمات میں مطلوب تھے اور آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے ان خطرناک اشتہاری ملزمان کی گرفتاری کا ٹاسک سی سی ڈی کو سونپ دیا تھا۔ترجمان کا کہنا تھا کہ سی سی ڈی نے انٹر پول سے اشتہاری ملزمان کے ریڈ نوٹس جاری کراوئے، متحدہ عرب امارات پولیس کے ساتھ کلوز کوآرڈینیشن سے ملزمان کی گرفتاری عمل میں لائی گئی ہے۔سی سی ڈی نے بیان میں کہا گیا کہ سی سی ڈی نے قلیل مدت میں تینوں اشتہاری ملزمان کو متحدہ عرب امارات سے گرفتار کیا، سی سی ڈی جرائم پیشہ افراد کو قانون کے کٹہرے میں لانے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لا رہا ہے۔