گرمی کی شدید لہر؛ سکولوں کے تدریسی اوقات میں کمی کردی گئی

28 مئی تک سکولز کی ٹائمنگ صبح 7 بج کر 30 منٹ سے 11 بج کر 30 منٹ تک ہوگی

Sajid Ali ساجد علی منگل 20 مئی 2025 11:36

گرمی کی شدید لہر؛ سکولوں کے تدریسی اوقات میں کمی کردی گئی
لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 20 مئی 2025ء ) ملک بھر میں گرمی کی شدت میں اضافے کے باعث پنجاب کے سکولوں میں تدریسی اوقات میں کمی کردی گئی۔ تفصیلات کے مطابق وزیر تعلیم پنجاب رانا سکندر حیات نے صوبے کے سکولوں میں گرمیوں کی تعطیلات کا بھی اعلان کردیا، ان کا کہنا ہے کہ پنجاب کے سکولوں میں 28 مئی سے گرمیوں کی چھٹیاں شروع ہوجائیں گی، تعطیلات سے پہلے جتنے دن تدریسی سرگرمیاں جاری رہیں گی اس دوران سکولوں کی ٹائمنگ صبح 7 بج کر 30 منٹ سے 11 بج کر 30 منٹ تک ہوگی۔

بتایا گیا ہے کہ صوبے میں گرمیوں کی جلد چھٹیوں سے متعلق فیصلہ مشاورت کے بعد کیا گیا، چھٹیوں کی تاریخ میں ممکنہ ردوبدل کے حوالے سے مشاورت جاری تھی، جس میں موسمی صورتحال اور آئندہ چند روز کے لیے محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری پیشگوئی اور ہیٹ ویو الرٹ کا جائزہ لیا گیا اور ان کی روشنی میں فیصلہ کیا گیا کہ پنجاب کے سکولوں میں اس بار گرمیوں کی تعطیلات 28 مئی سے کردی جائیں گی۔

(جاری ہے)

بتایا جارہا ہے کہ محکمہ موسمیات نے رواں ہفتے کیلئے بھی ہیٹ ویو الرٹ جاری کیاہے یعنی رواں ہفتے کے دوران بھی شدید گرمی کی لہر جاری رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے، اس ہفتے کے دوران ہوا کا زیادہ دباو موجود رہنے کا امکان ہے، منگل سے 24 مئی کے دوران ملک کے جنوبی علاقوں میں دن کا درجہ حرارت معمول سے زیادہ رہنے کا خدشہ ہے، دن کا درجہ حرارت معمول سے 4 سے 6 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ رہ سکتا ہے ، سندھ، جنوبی پنجاب اور بلوچستان میں درجہ حرارت معمول سے زیادہ رہنے کا امکان ہے، اس دوران ملک کے بالائی علاقوں میں بھی دن کا درجہ حرارت معمول سے زیادہ رہنے کی توقع ہے، پنجاب، اسلام آباد، خیبرپختونخواہ ،کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی درجہ حرارت معمول سے زیادہ رہنے کا امکان ہے۔