سعودی عرب میں حج قوانین کی خلاف ورزی، 17 افراد کو سزائیں، 61 غیر مجاز افراد گرفتار

منگل 20 مئی 2025 15:42

ریاض (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 مئی2025ء)سعودی عرب کی وزارت داخلہ نے اعلان کیا ہے کہ حج کے موقع پر مکہ مکرمہ میں قائم داخلی چوکیوں پر سکیورٹی فورسز نے 17 افراد کو گرفتار کیا ہے جن میں 8 غیر ملکی اور 9 سعودی شہری شامل ہیں۔ ان پر الزام ہے کہ انہوں نے ایسے 61 افراد کو مکہ مکرمہ منتقل کیا جو بغیر اجازت نامے کے حج ادا کرنے کی کوشش کر رہے تھے۔

(جاری ہے)

عرب ٹی وی نے بتایاکہ وزارت داخلہ کے مطابق ان افراد کے خلاف انتظامی کمیٹیوں کے ذریعے فوری انتظامی فیصلے صادر کیے گئے۔ ان فیصلوں میں قید، بھاری جرمانے اور گاڑیوں کی عدالتی ضبطی شامل ہے۔ بعض مجرموں کو 1 لاکھ ریال تک جرمانہ کیا گیا، جبکہ غیر ملکیوں کو سزا مکمل ہونے کے بعد ملک بدر کر دیا جائے گا اور انہیں آئندہ 10 برس تک سعودی عرب میں داخلے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔