Live Updates

میر واعظ مولوی فاروق ، خواجہ عبدالغنی لون کایوم شہادت(کل) منایا جائے گا

منگل 20 مئی 2025 17:14

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 مئی2025ء)بھارت کے غیر قانونی طورپرزیر قبضہ جموں وکشمیر اورآزاد کشمیر میں(کل)بدھ کو ممتاز آزادی پسند رہنمائوں میر واعظ مولوی محمد فاروق اور خواجہ عبدالغنی اور شہدائے حول کی شہادت کی برسیاں منائی جائیں گی ۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق اس موقع پر شہید رہنمائوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے سیمینارز اور فاتحہ خوانی کا اہتمام کیا جائے گا اور مقررین مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فورسز کے ہاتھوں کشمیریوں کی نسل کشی کی مذمت کریں گے۔

کشمیریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ مزار شہداعید گاہ سرینگرجاکر تمام کشمیری شہدا کے لیے فاتحہ خوانی کریں۔21 مئی 1990کو نامعلوم مسلح افراد نے میر واعظ مولوی محمد فاروق کو سرینگر میں ان کی رہائش گاہ کے باہر گولی مار کر شہید کر دیا تھا، اسی روز سرینگر کے علاقے حول میں ان کے جنازے شرکاء پر بھارتی فوجیوں نے اندھا دھند فائرنگ کر کے ستر سوگواروں کو شہید کر دیا تھا۔

(جاری ہے)

12سال بعد21مئی 2002کو نامعلوم حملہ آوروں نے خواجہ عبدالغنی لون کو اس وقت قتل کر دیا تھا جب وہ مزار شہداء سرینگر میں ایک اجتماع سے خطاب کے بعد واپس جا رہے تھے۔ادھر کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کے زیر اہتمام کل کشمیر ہائوس اسلام آباد میں میر واعظ مولوی محمد فاروق، خواجہ عبدالغنی لون اور شہدائے حول سمیت جملہ کشمیری شہدا کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے ایک سیمینار منعقد کیاجائے گا۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات