کبوتر بازی پر قتل کیس کا فیصلہ: مرکزی مجرم کو سزائے موت

دو ساتھیوں کو قید و جرمانے کی سزا،کبوتر واپس نہ کرنے پر قتل کیا تھا

منگل 20 مئی 2025 17:17

حجرہ شاہ مقیم (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 مئی2025ء)ایڈیشنل سیشن جج شہزاد احمد نے کبوتر بازی کے تنازع پر قتل کیے جانے والے شہری نواز کے مقدمے کا فیصلہ سناتے ہوئے جرم ثابت ہونے پر مرکزی مجرم حاجی سیف اللہ کو سزائے موت اور 5لاکھ روپے جرمانہ کی سزا سنا دی۔ عدالت نے شریک مجرمان عاشق کو 10سال قید اور ایک لاکھ روپے جرمانہ جبکہ بلال کو 3 سال قید اور ایک لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنائی۔

(جاری ہے)

مجرمان نے مقتول نواز پر کبوتر چھپانے اور واپس نہ کرنے کے شبہ میں فائرنگ کر کے بے دردی سے قتل کر دیا تھا۔ واقعے کے بعد پولیس نے ملزمان کو گرفتار کر کے چالان عدالت میں پیش کیا۔ڈی پی او اوکاڑہ راشد ہدایت نے کہا ہے کہ کسی کو بھی ناحق قتل کرنے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں۔ انہوں نے مقدمے کی موثر تفتیش، ٹھوس شہادتوں کی فراہمی اور بھرپور قانونی پیروی پر تفتیشی افسر اور لیگل ٹیم کو شاباش دی۔