معذور افراد اور خواتین کو جمہوری عمل میں شامل کرنے کیلئے اقدامات کئے جارہے ہیں، ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر سانگھڑ

منگل 20 مئی 2025 17:19

حیدرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 مئی2025ء) ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر سانگھڑ محمد سرور نے کہا ہے کہ معذور افراد اور خواتین کو جمہوری عمل میں شامل کرنے ،ان کے ووٹ کے اندراج اور پولنگ سٹیشن تک آسان رسائی کے لیے اقدامات کررہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے آفس میں منعقد ووٹرز ایجوکیشن کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر مرد ،خواتین اور معذور افراد کی بڑی تعداد موجود تھی۔ الیکشن آفیسر محمد عمیر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سندھ لوکل گورنمنٹ ایکٹ میں بلدیاتی انتخابات میں معذور افراد کیلئے مخصوص نشستیں مقرر کی گئی ہیں۔ اس موقع پر معذور افراد کے لئے کام کرنے والی تنظیم آشا کے صدر ممتاز منگی، ایمریلا کی شمائلہ آرائیں، سرفراز شر، سیاسی رہنما سلمی قریشی، سوشل ایکٹیوسٹ روزینہ مقصود اور صائمہ ستار نے بھی خطاب کیا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے خواتین اور معذور افراد کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا ۔ اجلاس میں معذور افراد کو ووٹ ڈالنے کے طریقہ کار سہولیات اور ان کے حقوق سے آگاہ کیا گیا۔ کمیٹی کے عہدیداران نے کہا کہ معذور افراد کو باوقار اور باآسانی ووٹ ڈالنے کے لیے ہر ممکن سہولت فراہم کی جائے گی۔ اس موقع پر مختلف سرکاری افسران، سماجی کارکنان، اور معذور افراد کی بڑی تعداد موجود تھی۔مقررین نے مزید کہا کہ اجلاس کا مقصد معذور افراد کو جمہوری عمل میں شامل کرنا اور ان کی سیاسی شمولیت کو فروغ دینا ہے ،اس سے معذور افراد کے ووٹ کے اندراج اور ووٹ کاسٹ کرنے میں مدد ملے گی۔