الیکشن کمیشن ملازمین کی موجیں؛ صرف پانچ ماہ میں 4 اضافی تنخواہیں دے دی گئیں

چیف الیکشن کمشنر کی جانب سے ملازمین کو جنوری، فروری، مارچ اور مئی میں کروڑوں روپے کے اعزازیے دیئے گئے

Sajid Ali ساجد علی منگل 20 مئی 2025 16:51

الیکشن کمیشن ملازمین کی موجیں؛  صرف پانچ ماہ میں 4 اضافی تنخواہیں دے ..
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 20 مئی 2025ء ) الیکشن کمیشن کے ملازمین پر نوازشات کرتے ہوئے صرف پانچ ماہ کے دوران 4 اضافی تنخواہیں دے دی گئیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے ای سی پی کے ملازمین کو کروڑوں روپے سے نوازا ہے، چیف الیکشن کمشنر نے جنوری، فروری، مارچ اور مئی کے مہینوں میں ملازمین کو کروڑوں روپے کے اعزازیے دیئے ہیں۔

بتایا گیا ہے کہ کروڑوں روپے کے یہ اعزازیے 4 مختلف مراحل میں دیے گئے، یہ اعزازیے الیکشن کمیشن کے چارجڈ بجٹ سے دیئے گئے، جن کے تحت گریڈ 2 سے 9 تک کے ملازمین کو 4 بنیادی تنخواہیں اعزازیے کی مد میں ملی ہیں، گریڈ 11 سے 17 تک کے ملازمین کو 3 بنیادی تنخواہیں بطور اعزازیہ دی گئیں، گریڈ 18 سے اوپر کے ملازمین نے بنیادی تنخواہیں اعزازیے کے طور پر وصول کیں۔

(جاری ہے)

معلوم ہوا ہے کہ الیکشن کمیشن کے خلاف ٹربیونل اور عدالتوں میں کیسز کرنے والے ملازمین کو اعزازیے نہیں دیئے گئے، انضباطی انکوائریز والے ملازمین اور پی ای آرز میں منفی ریمارکس والے ملازمین کو بھی اعزازیے نہیں ملے، 30 جنوری سے پہلے چھٹیوں پر رہنے والے ملازمین کو بھی اعزازیہ نہیں دیا گیا، ان کے علاوہ الیکشن کمیشن کے دیگر تمام ملازمین کو اعزازیے دیئے گئے ہیں۔

علاوہ ازیں الیکشن کمیشن کے زیر اہتمام صحافیوں اور سول سوسائٹی کی تنظیموں کے لیے ایک ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا، ورکشاپ کا بنیادی مقصد ووٹر آگاہی اور شہری شراکت کو فروغ دینا تھا، اس سیشن میں میڈیا نمائندگان اور سول سوسائٹی کی تنظیموں (سی ایس اوز) کو ایک ساتھ جمع کیا گیا تاکہ الیکشن کمیشن کی خصوصی اقدامات اور حکمت عملیوں پر بات چیت کی جا سکے اور خاص طور پر محروم طبقات کو بااختیار بنایا جا سکے۔