ایس پی ٹریفک وارڈن سوات کا ٹریفک پولیس ڈرائیونگ سکول کانجو کا دورہ

ڈرائیونگ کی تربیت عالمی معیار کے مطابق دی جائے ،تمام امیدواروں کو مکمل سہولیات فراہم کی جائیں،حبیب اللہ خان

منگل 20 مئی 2025 21:05

سوات(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 مئی2025ء)ایس پی ٹریفک وارڈن سوات حبیب اللہ خان نے ٹریفک پولیس ڈرائیونگ سکول کانجو کا دورہ کیا۔ ان کے ہمراہ ڈی ایس پی ٹریفک وارڈن لوئر سوات رحمان یوسف خان بھی موجود تھے۔اس موقع پر ایس پی حبیب اللہ خان نے ڈرائیونگ سکھانے کے عمل کا تفصیلی جائزہ لیا اور سکول انتظامیہ سے ملاقات کرتے ہوئے انہیں ضروری ہدایات جاری کیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے سکول انچارج کو ہدایت کی کہ ڈرائیونگ کی تربیت بین الاقوامی معیار کے مطابق دی جائے اور تمام امیدواروں کو مکمل سہولیات فراہم کی جائیں۔ایس پی ٹریفک وارڈن نے زور دیا کہ نوکری پیشہ افراد، سرکاری و نجی اداروں کے ملازمین اور عام شہریوں کو خوش اخلاقی اور ذمہ داری کے ساتھ ڈرائیونگ کی تربیت دی جائے تاکہ وہ سڑکوں پر محفوظ انداز میں گاڑی چلانے کے قابل ہوں۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ ڈرائیونگ سکول عوام کی بہتر تربیت کے ذریعے ٹریفک کے نظام کو بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔