ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی کی سید عاصم منیر کو فیلڈ مارشل کے عہدے پر ترقی ملنے پر مبارکباد

منگل 20 مئی 2025 22:00

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 مئی2025ء) مشیر برائے محکمہ ترقی نسواں حکومت بلوچستان ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے سید عاصم منیر کو فیلڈ مارشل کے عہدے پر ترقی ملنے پر تہہ دل سے مبارکباد پیش کی ہے۔ اپنے تہنیتی پیغام میں ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے کہا ہے کہ فیلڈمارشل سید عاصم منیر نے اپنی غیر معمولی عسکری بصیرت، قیادت کی صلاحیتوں اور بے مثال حب الوطنی کے ذریعے یہ مقام حاصل کیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ملک و قوم کے دفاع میں فیلڈمارشل سید عاصم منیر کا کردار سنہری حروف سے لکھے جانے کے قابل ہے، ان کی حکمت عملی، جرات مندانہ فیصلے اور مضبوط قیادت نے افواجِ پاکستان کو عظیم کامیابیاں دلائیں اور دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملایا۔ڈاکٹر ربابہ بلیدی نے کہا کہ قومی یکجہتی اور اتحاد کی جو فضا فیلڈمارشل سیدعاصم منیر کی قیادت میں قائم ہوئی ہے، وہ ملک کے روشن مستقبل کی نوید ہے، بلوچستان کی عوام سیدعاصم منیرکے کردار کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے اور ان کی قیادت پر مکمل اعتماد رکھتی ہے۔