چینی سفیر جیانگ زائی ڈونگ کی ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو سے ملاقات، باہمی دلچسپی کے مختلف امور پر تفصیلی اور جامع تبادلہ خیال کیا

بدھ 21 مئی 2025 01:20

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 مئی2025ء) پاکستان میں چین کے سفیر جیانگ زائی ڈونگ نے ایئر ہیڈکوارٹرز اسلام آباد کا دورہ کیا جہاں انہوں نے ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو سے ملاقات کی۔ترجمان کے مطابق، دونوں معزز شخصیات نے باہمی دلچسپی کے مختلف امور پر تفصیلی اور جامع تبادلہ خیال کیا جن میں ادارہ جاتی روابط، دفاعی تعاون اور خطے میں بدلتی ہوئی جغرافیائی و تزویراتی صورتحال شامل ہیں۔

انہوں نے ابھرتے ہوئے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے مربوط اور مشترکہ حکمت عملی کی اہمیت پر زور دیا اور موجودہ علاقائی سکیورٹی صورتحال کے تناظر میں اعلیٰ آپریشنل تیاری اور فوری رابطہ کاری کی ضرورت کو اجاگر کیا۔ایئر چیف نے معزز مہمان کو خوش آمدید کہا اور اس امر کا اعادہ کیا کہ پاکستان اور چین کے تعلقات تاریخی، آزمودہ اور باہمی اعتماد پر مبنی ہیں، جو اسٹریٹجک ہم آہنگی اور علاقائی امن و استحکام کے مشترکہ خواب پر قائم ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے دونوں ممالک کو "آہنی بھائی" قرار دیتے ہوئے کہا کہ وقت کے ساتھ ان کے تعلقات مزید مضبوط ہوئے ہیں اور آئندہ مزید تعاون و شراکت داری سے یہ رشتہ مزید گہرا ہوگا۔ ایئر چیف نے چین کی مسلسل حمایت اور دوستی پر گہری تشکر کا اظہار کیا۔انہوں نے پاکستان کے دفاعی شعبے کی جدید کاری، خاص طور پر انسانی وسائل کی ترقی، ٹیکنالوجی کی منتقلی، اور مشترکہ تحقیق و ترقی میں چین کے کردار کو سراہا۔

دونوں شخصیات نے اعلیٰ سطحی تبادلوں کے تسلسل کو ادارہ جاتی شکل دینے، مشترکہ مشقوں میں وسعت اور کثیرالملکی فریم ورکس کی تلاش پر اتفاق کیا تاکہ ابھرتے ہوئے خطرات کے لیے اجتماعی ردعمل کو مؤثر بنایا جا سکے۔چینی سفیر نے حالیہ مشرقی سرحد پر تناؤ کے دوران پاکستان ایئر فورس کی شاندار کارکردگی کو سراہتے ہوئے اسے اعلیٰ پیشہ ورانہ مہارت اور قومی دفاع سے غیر متزلزل وابستگی کا مظہر قرار دیا۔

انہوں نے دشمن کی جارحیت کو روکنے کے لیے چینی ساختہ ساز و سامان کے مؤثر استعمال اور پاکستان ایئر فورس کی غیر معمولی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کی تعریف کی۔انہوں نے موجودہ قیادت میں ایئر فورس کی مقامی حل اپنانے اور جدید نظام کے ذریعے قومی مفادات کے تحفظ کی حکمت عملی کو سراہا۔ چینی سفیر نے پاکستان کی خود انحصاری کی پالیسی کو سراہتے ہوئے یقین دلایا کہ چین، پی اے ایف کی فضائی دفاعی صلاحیتوں میں اضافے کے لیے مکمل تکنیکی معاونت فراہم کرے گا۔انہوں نے کہا کہ مقامی ٹیکنالوجی کی ترقی پر مستقل توجہ پاکستان کے دفاعی شعبے کو مزید مضبوط بنائے گی۔یہ ملاقات پاکستان اور چین کے آزمودہ تزویراتی شراکت داری کو گہرا کرنے اور تعاون و جدت پر مبنی ترقی کے مشترکہ عزم کی علامت ہے۔