Live Updates

بلوچستان اورخیبرپختونخوا میں دہشت گردی کے تانے بانے بھارت سے ملتے ہیں،وفاقی وزیرپارلیمانی کاقومی اسمبلی میں اظہارخیال

بدھ 21 مئی 2025 16:38

بلوچستان اورخیبرپختونخوا میں دہشت گردی کے تانے بانے بھارت سے ملتے ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 مئی2025ء) وفاقی وزیرپارلیمانی امورڈاکٹرطارق فضل چوہدری نے کہاہے کہ خضدارمیں سکول بس پربزدلانہ حملہ میں 8بچے اوردوجوان شہید ہوئے، حملہ میں 43افرادزخمی ہوئے جن میں سے 10کی حالت نازک ہے، بھارت اس طرح کی بزدلانہ کارروائیوں کی پشت پناہی کررہاہے۔ بدھ کوقومی اسمبلی کے اجلاس میں اظہارخیال کرتے ہوئے ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہاکہ خضدارمیں بھارت نے سکول کے بچوں کولینے والی بس پربزدلانہ حملہ کیاہے جس میں 8بچے اوردوجوان شہید ہوئے، حملہ میں 43افرادزخمی ہوئے جن میں سے 10کی حالت نازک ہے۔

انہوں نے کہاکہ پوری دنیا نے دیکھ لیا کہ پاکستان نے بھارت کومیدان جنگ میں شکست سے دوچارکیا،بھارت کواس جنگ میں ہرمحاذپرشرمندگی اٹھاناپڑی اوراسے شکست کاسامناکرنا پڑا،بھارت اب اپنی شکست اورزخموں کوچاٹتاہوااس طرح کی بزدلانہ کارروائیوں کی پشت پناہی کررہاہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ بھارت کے قومی سلامتی کے مشیرنے حالیہ پاک بھارت تناؤ کے دوران واضح طورپرکہاتھا کہ پاکستان میں بھارت کی پراکسیزموجودہیں،انہوں نے کہاتھا کہ اگرہم پاکستان پرحملہ کریں گے توبی ایل اے پاکستان کے اندرسے حملہ کرے گی۔

انہوں نے کہاکہ بلوچستان اورخیبرپختونخوا میں دہشت گردی کے تانے بانے بھارت سے ملتے ہیں،آج خضدارواقعہ کے تانے بانے بھی بھارت سے مل رہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ حکومت دہشت گردی کوجڑ سے اکھاڑپھینکنے میں کمربستہ ہے، فیلڈمارشل عاصم منیرنے بہادری،ذہانت، عزم،حوصلہ اوردانش مندی کے ساتھ افواج پاکستان کی قیادت کی اورحالیہ جنگ میں ہمیں واضح کامیابی ملی، اسی طرح ائیرچیف کی قیادت میں ہماری فضائیہ نے مہارت کاثبوت دیا ہے اورفضائی جنگوں کی تاریخ میں نئی تاریخ رقم کردی ہے،افواج پاکستان نے واضح پردہشت گردی کاقلع قمع کرنے کاعزم کررکھاہے،تمام دہشت گردوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائیگا،پاکستان کی سالمیت اورسلامتی کے خلاف عناصر کونہیں چھوڑا جائے گا،ایک ایک دہشت گرد کے خاتمہ تک یہ جنگ جاری رہے گی۔

انہوں نے کہاکہ ہم نے دہشت گردی کاڈٹ کرمقابلہ کیااورنقصانات بھی اٹھائے ہیں اگر ہم مقابلہ نہ کرتے توپوری دنیا کونقصان پہنچتا۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات