Live Updates

جنرل عاصم منیرنے مسئلہ کشمیر پر ہمیشہ صاف، دوٹوک اور اصولی موقف اپنایا،لائبہ احمد کوثر

بدھ 21 مئی 2025 16:39

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 مئی2025ء)سابق معاون خصوصی ہمر اہ وزیر اعظم آزاد کشمیر ،معروف سیاسی و سماجی رہنما لائبہ احمد کوثرنے جنرل سید عاصم منیر کو فیلڈ مارشل کے رینک پر ترقی حاصل کرنے پر تہہ دل سے مبارکباد دی ہے اور اس اعزاز کو قومی وقار، اتحاد اور عسکری حکمت کی جیت قرار دیا ہے۔اپنے ایک خصوصی بیان میں لائبہ احمد کوثر کا کہنا تھا کہ فیلڈ مارشل کا رتبہ صرف ایک عسکری ترقی نہیں بلکہ یہ اس قیادت کا اعتراف ہے جو قومی سلامتی، اندرونی استحکام اور خارجہ محاذوں پر بیمثال بصیرت کے ساتھ ڈٹی رہی۔

انہوں نے کہا کہ جنرل عاصم منیر نے جس تدبر، فہم و فراست اور جرات کے ساتھ قوم کی رہنمائی کی، وہ آنے والے وقتوں میں ایک مثال کے طور پر یاد رکھی جائے گی لائبہ احمد کوثر نے مزید کہا کہ ''آپریشن بنیان مرصوص'' کی کامیابی نے نہ صرف پاکستان کی دفاعی تیاریوں پر اعتماد میں اضافہ کیا بلکہ اس نے دشمن کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دے کر ایک واضح پیغام دیا کہ پاکستان اپنی سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ جنرل عاصم منیر نے مسئلہ کشمیر پر ہمیشہ صاف، دوٹوک اور اصولی موقف اپنایا، جو کشمیری عوام کے دلوں کی آواز بن کر عالمی سطح پر بھی گونجا۔ اُن کی باتوں میں ایک سچائی اور یقین ہوتا ہے جو دنیا کے ضمیر کو جھنجھوڑنے کی طاقت رکھتا ہے۔ لائبہ احمد کوثر نے کہا کہ ایسی قیادتیں صرف عسکری محاذ پر نہیں، بلکہ قومی سوچ، نظریاتی یکجہتی اور عوامی اعتماد کی بنیاد بن جاتی ہیں۔ فیلڈ مارشل کا یہ اعزاز پوری قوم کے لیے ایک سنگِ میل ہے اور اس سے واضح ہوتا ہے کہ پاکستان اپنے بہادر محافظوں کو عزت دینا جانتا ہے۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات