Live Updates

سندھ زرعی یونیورسٹی اور بائیر پاکستان کے درمیان زرعی تحقیق میں اشتراک پر اتفاق

بدھ 21 مئی 2025 16:51

حیدرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 مئی2025ء) سندھ زرعی یونیورسٹی ٹنڈوجام اور نجی زرعی کمپنی بائیر پاکستان کے درمیان زرعی تحقیق، انٹرن شپ، ملازمت اور جدید ٹیکنالوجی کے تبادلے کے لیے تعاون پر اتفاق کیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں بائیر پاکستان کے ایک اعلیٰ سطحی وفد نے یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر الطاف علی سیال سے ملاقات کی، جس میں زرعی تحقیق کو فروغ دینے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات میں ڈائریکٹر اورک ڈاکٹر تنویر فاطمہ میانو، ڈاکٹر منیر احمد جمالی اور محمد خان مری بھی موجود تھے۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ بائیر پاکستان اور سندھ زرعی یونیورسٹی آم، مکئی، گندم، گنا، کیلا اور کپاس سمیت مختلف فصلوں پر مشترکہ تحقیق کریں گے۔ اس موقع پر وائس چانسلر ڈاکٹر الطاف علی سیال نے کہا کہ سندھ زرعی یونیورسٹی ملک کی اہم زرعی، ٹیکسٹائل، اور آئل انڈسٹریز کے ساتھ مختلف تحقیقی منصوبوں پر کام کر رہی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی کے پاس 800 ایکڑ سے زائد تحقیقاتی فارم موجود ہیں، جہاں طلبہ اور ماہرین زرعی تحقیق میں مصروف ہیں۔ بائیر پاکستان کے سربراہ برائے زرعی امور مرتضیٰ قدسی نے کہا کہ فیصل آباد اور ملتان کے بعد اب سندھ زرعی یونیورسٹی کے ساتھ بھی ہم زرعی تحقیق میں شراکت داری چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مکئی کے ہائبرڈ بیج علاقے کی موسمیاتی ضروریات کے مطابق تیار کیے جا رہے ہیں تاکہ کسان زیادہ اور معیاری پیداوار حاصل کر سکیں۔

ڈائریکٹر اورک ڈاکٹر تنویر فاطمہ میانو نے تجویز دی کہ نجی زرعی صنعت سندھ زرعی یونیورسٹی کو اپنے پالیسی بورڈ میں شامل کرے تاکہ تعلیمی ادارے زرعی پالیسی سازی میں مؤثر کردار ادا کر سکیں۔ اس موقع پر محمد خان مری نے بتایا کہ سندھ میں کیلا کی فصل پاناما بیماری سے متاثر ہو رہی ہے، جس کے سدباب کے لیے ماہرین مٹی کے نمونوں کا تجزیہ کر رہے ہیں اور جلد ہی اس کے سائنسی حل تلاش کیے جائیں گے۔ ذرائع کے مطابق یونیورسٹی اور بائیر پاکستان کے درمیان جلد باضابطہ معاہدے پر دستخط کیے جائیں گے۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات