خضدار میں معصوم طلبہ کے خلاف دہشت گردی قابل مذمت،یہ انسانیت پر حملہ ہے، مخدوم سید احمد محمود

بدھ 21 مئی 2025 17:08

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 مئی2025ء) پیپلز پارٹی جنوبی پنجاب کے صدر مخدوم سید احمد محمود نے خضدار میں آرمی پبلک سکول کی بس کو نشانہ بنانے والی دہشتگردانہ کارروائی پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے اس انسانیت سوز واقعے کی شدید مذمت کی ہے۔انہوں نے کہا کہ اس المناک سانحے نے پوری قوم کو غمزدہ کر دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ سکول کے بچوں کو نشانہ بنانا صرف دہشتگردی نہیں بلکہ انسانیت پر حملہ ہے،جو کسی بھی مذہب، ضمیر یا اقدار میں قابل قبول نہیں۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ دشمن عناصر یہ سمجھ لیں کہ ایسی بزدلانہ کارروائیاں قوم کے حوصلے کو متزلزل نہیں کر سکتیں،پوری پاکستانی قوم آج بھی اپنی مسلح افواج اور سکیورٹی اداروں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور ہر قسم کی دہشتگردی کے خاتمے کےلئے متحد ہے۔مخدوم احمد محمود نے مطالبہ کیا کہ دہشتگردوں اور ان کے سہولت کاروں کو فوری گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے اور انہیں نشانِ عبرت بنایا جائے تاکہ مستقبل میں کوئی ایسی سنگین حرکت کرنے کا سوچ بھی نہ سکے۔\932